فوٹو بشکریہ ٹوئٹر

نواز شریف کوٹ لکھپت جیل لاہور سے جاتی امراء پہنچ گئے
27 مارچ 2019 (09:36) 2019-03-27

لاہور: نواز شریف کوٹ لکھپت جیل سے رہائی کے بعد جاتی امراء اپنے گھر پہنچ گئے۔

تفصیلات کے مطابق پچاس، پچاس لاکھ کے مچلکے جمع کرانے پر روبکار جاری کیا گیا۔ روبکار ملنے کے بعد نواز شریف کو کوٹ لکھپت جیل سے رہا کیا گیا۔

سابق وزیراعظم کی رہائی پر کارکنان کا والہانہ استقبال، بھنگڑے بھی ڈالے۔ نواز شریف کے جیل سے باہر آتے ہی متوالوں نے بھرپور نعرے بازی کی۔ نواز شریف ہاتھ ہلا کر کارکنوں کا شکریہ ادا کرتے رہے۔

شہباز شریف نے بڑے بھائی کا استقبال کیا، نواز شریف کی والدہ سے ملاقات ہوئی تو ماں نے بیٹے کو ڈھیروں دعائیں دیں۔

سابق وزیر اعظم کو 40 گاڑیوں پر مشتمل قافلے نے جیل سے جاتی امراء تک پروٹوکول دیا۔ لیگی کارکنوں نے نواز شریف کے قافلے پر پھول کی پتیاں نچھاور کیں۔ جاتی امراء کے باہر متوالے ڈھول کی تھاپ اور پارٹی ترانوں پر رقص کرتے رہے۔

مریم نواز والد کی رہائی پر خوش، ٹویٹ میں کہا اللہ کے بعد ن لیگ کے کارکنان کی بھی شکر گزار ہیں۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے طبی بنیادوں پر نواز شریف کو 6 ہفتے کی ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا ہے۔ عدالت عظمیٰ کے فیصلے کے مطابق نواز شریف کا علاج ملک میں ہی ہوگا، وہ بیرون ملک نہیں جا سکیں گے، ضمانت 6 ہفتے بعد از خود ختم ہو جائے گی۔


ای پیپر