عمران خان نے بطور وزیر اعظم کتنی شاہ خرچیاں کیں؟
27 جون 2020 (18:22) 2020-06-27

اسلام آباد :قومی اسمبلی کے اجلاس میں اپوزیشن کی تنقید پر وزیر مملکت پارلیمانی امور علی محمد خان نے عمران خان ،نوازشریف ،یوسف رضا گیلانی ،شاہد خاقان عباسی کی جانب سے بطور وزیر اعظم کئے گئے اخراجات کا موازنہ پیش کردیا۔

وزیر مملکت علی محمد خان نے کہاکہ وزیراعظم ہاوس کیلئے مختص اخراجات میں ایک سال میں 29 فیصد بچت کی ،اخراجات ایک ارب روپے سے کم ہو کر 67 کروڑ روپے پر آ گئے ہیں، اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی میں شرکت پر آصف زرداری نے13 لاکھ ڈالر ،نواز شریف نے 11 لاکھ ڈالر، عمران خان نے ڈیڑھ لاکھ ڈالر خرچہ کیا، دورہ امریکہ پر آصف علی زرداری 7 لاکھ ڈالر ،نوازشریف نے 5لاکھ 49ہزار ڈالر جبکہ عمران خان نے صرف67ہزار ڈالر خرچ کئے، وزیر اعظم ہائوس کے بجٹ سے گزشتہ سال 137ملین روپے بچائے ، نوازشریف کی طرح وزیر اعظم نے ضمنی گرانٹس نہیں مانگیں۔

ہفتہ کو قومی اسمبلی اجلاس میں اپوزیشن کی جانب سے حکومت اور وزیر اعظم عمران خان پر تنقید کے ردعمل میں وزیر مملکت پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا کہ وزیراعظم ہاوس کے کے لیے مختص اخراجات میں ایک سال میں 29 فیصد بچت کی گئی، ملازمین کی تعداد میں کمی کی گئی، گاڑیاں واپس کی گئیں، خرچہ ایک ارب روپے سے کم ہو کر 67 کروڑ روپے پر آ گیا، کوئی کیمپ آفس نہیں بنایا گیا، رائیونڈ کے محل میں ملازمین کی تعداد کیا تھی آج دیکھ لیں کہ کیا ہے، بنی گالا گھر کے باہر کی سڑک بھی وزیراعظم نے اپنے پیسوں سے بنوائی، غیر ملکی دوروں کے اخراجات میں بھی بہت کمی کی گئی، اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی میں شرکت پر اخراجات کا موازنہ کریں.

آصف زرداری نے تیرہ لاکھ ڈالر کا خرچہ کیا جبکہ نواز شریف نے گیارہ لاکھ ڈالرکا خرچہ کیا، عمران خان نے اقوام متحدہ میں جنرل اسمبلی میں شرکت پرتقریبا ڈیڑھ لاکھ ڈالر خرچہ کیا، پاکستان کا ایک وزیر خزانہ اب بھی مفرور ہے، اگر میاں نواز شریف کی صحت بہتر ہے تو وہ پاکستان کیوں نہیں آتے، نواز شریف واپس آکرعدالت کے سامنے کیوں پیش نہیں ہوتے، سلمان شہباز ملک واپس کیوں نہیں آتے، نواز شریف سیاست میں آکر سٹیل ملیں لگائی ہیں، آصف زرداری نے سیاست میں آکر شوگر ملیں بنائی ہیں، ہمارے وزیر اعظم سے خرچے کا حساب پوچھتے ہو تو سن لو وزیر اعظم کے لئے 474ملین روپے رکھے گئے ،اس میں سے 137ملین روپے بچائے گئے ، نوازشریف کی طرح وزیر اعظم نے ضمنی گرانٹس نہیں مانگیں، آصف علی زرداری نیامریکہ کا دورہ کیا سات لاکھ ڈالر خرچ کئے،نوازشریف نے 5لاکھ 49ہزار ڈالر خرچ کئے، عمران خان نے 67ہزار ڈالر خرچ کئے،سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے ڈیوس کے دورہ پر 4لاکھ 60ہزار ڈالر خرچ کئے، شاہد خاقان عباسی نے 5لاکھ ڈالر خرچ کئے، نواز شریف نے ڈیوس میں 7لاکھ ڈالر خرچ کئے ، نوازشریف ڈیوس میں لفظ ایک نہ بول سکا ، آصف زرداری تو وہ تھے سوئس بینکوں کو خط نہ لکھنے دیا اپنا وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی قربان کردیا ، یہ وہ تھے جنہوں نے یہاں حضور یہ ہیں وہ ذرائع مگر ذرائع کبھی نہ بتائے ، حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ تعالی نے امیر المومینین بنتے ہی اپنی کپڑے کی دکان بند کردی ، یہاں 110تک شوگر ملیں بنتی رہیں ، یہاں سٹیل ملز پر ڈاکے پڑتے رہے ، عمران خان کا کوئی بزنس نہیں ہے۔


ای پیپر