نواز شریف خوش خوراک اور روٹین سے گوشت کھا رہے ہیں:شہباز گل
27 جون 2019 (18:09) 2019-06-27

لاہور : شہباز گل نے نواز شریف کی صحت سے متعلق اہم انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ میاں صاحب خوش خوراک ہیں ،روٹین سے گوشت کھا رہے ہیں ،جبکہ دوسری طرف بیگم صفدر بالاناغہ اپنے والد کی صحت پر عوام سے جھوٹ بولتی ہیں ۔

مریم صفدر کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے ترجمان وزیر اعلیٰ پنجاب ڈاکٹر شہباز گل کا کہنا تھا کہ مریم بی بی کو کل کی اے پی سی سے ہونیوالی ناکامی پر پیشمان ہونا چاہیے ،عوام بیگم صفدر کی مایوسی کو سمجھ سکتے ہیں ، نواز شریف کی صحت معمول کے مطابق ٹھیک ہے ،میاں صاحب خوش خوراک ہیں ،روٹین سے گوشت کھا رہے ہیں ،جیل میں روزانہ صبح ،شام کارڈیالوجسٹ نواز شریف کا معائنہ کرتے ہیں ۔

شہباز گل کا کہنا تھا محمد صفد ر ،جنید صفدر ،میاں صاحب کی والدہ اور یوسف عباس نے نواز شریف سے ملاقات کی ،ملاقات میں مریم صفدر بھی شامل تھیں ،انہوں نے کہا ہر ملاقات پر 200سے 250لوگوں کا میلہ لگانا جیل حکام کیلئے مشکلات پیدا کر تا ہے ،ڈاکٹر عدنا ن شریف برادران کے ذاتی ملازم ہیں ، نواز شریف کی صحت سے متعلق غلط بیانی کرتے ہیں ، نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان کارڈیالوجسٹ نہیں ،پنجاب حکومت نے جیل میں 21کارڈیالوجسٹ تعینات کر رکھے ہیں ،ان لوگوں کو چاہیے عوام کو گمراہ کرنے کے بجائے اپنی چوری کا حساب دیں ۔


ای پیپر