Source : Yahoo

سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی این اے 57 کیلئے نا اہل قرار
27 جون 2018 (17:02) 2018-06-27

راولپنڈی:عام انتخابات 2018 سے قبل ہی مسلم لیگ ن کو ایک کے بعد ایک دھچکا لگ رہا ہے۔ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو بھی راولپنڈی کے حلقہ این اے 57 کے لیے نااہل قرار دے دیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ایپلٹ ٹربیونل نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے کاغذات نامزدگی پر فیصلہ سناتے ہوئے انہیں نااہل قرار دے دیا۔

دو روز قبل ایپلٹ ٹریبونل نے این اے 57 پرسابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے کاغذات منظور کیے جانے کے خلاف درخواست پر ان کے وکیل کے دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے وکیل نے دلائل دیئے کہ میرے موکل نے اپنے تمام اثاثہ جات ظاہر کردیئے ہیں، دونوں کاغذات نامزدگی میں ایک جیسا ہی ظاہر کیا گیا ہے، میرے موکل نے دونوں فارمز میں ائیر لائن کے شیئرز کا ذکر کیا۔

تاہم ٹربیونل نے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا جو بدھ کو سنا دیا گیا ہے، فیصلے میں ایپلٹ ٹربیونل نے سابق وزیر اعظم کے کاغذات نامزدگی مسترد کرتے ہوئے انہیں راولپنڈی کے حلقہ این اے 57 سے نا اہل قرار دے دیا۔


ای پیپر