Source : Yahoo

مشیر قومی سلامتی ناصر خان جنجوعہ عہدے سے مستعفی
27 جون 2018 (16:34) 2018-06-27

اسلام آباد : مشیر قومی سلامتی ناصر خان جنجوعہ نے عہدے سے استعفی دیدیاہے ۔تفصیلات کے مطابق مشیر قومی سلامتی ناصر جنجوعہ نے استعفی نگراں وزیراعظم کو بھجوایا جسے منظور کر لیا گیاہے ۔ ناصر خان جنجوعہ کو مسلم لیگ ن کی قیادت نے مشیر قومی سلامتی مقرر کیا تھا جس سے وہ مستعفی ہو گئے ہیں ۔

نجی ٹی وی کے مطابق ناصر خان جنجوعہ نے ذاتی وجوہات کی بنا پر عہدے سے استعفی دیاہے ،ان کا کہناتھا کہ جب حکومت کی مدت ختم ہوئی تو وہ اس کے ساتھ ہی استعفی دینا چاہتے تھے لیکن تاخیر ہو گئی اس لیے اب دیاہے جبکہ دوسری جانب ایک اور نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے دعوی کیاہے کہ ناصر خان جنجوعہ نے استعفیٰ پالیسی امور پر اختلاف کے باعث دیاہے۔

یاد رہے 23 اکتوبر 2015 کو سابقہ حکومت نے ریٹائرڈ لیفٹننٹ جنرل ناصر خان جنجوعہ کو قومی سلامتی کا مشیر مقرر کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔ اس سے پہلے یہ عہدہ سرتاج عزیز کے پاس تھا جو اس وقت خارجہ امور کے مشیر بھی تھے۔لیفٹیننٹ جنرل ناصر خان جنجوعہ ریٹائرمنٹ سے قبل کور کمانڈر سدرن کمانڈ (کوئٹہ)تعینات تھے۔ انہوں نے رواں ماہ ہی 3 اکتوبر کو سدرن کمانڈ کا چارج میجر جنرل عامر ریاض کے سپرد کیا تھا۔


ای پیپر