سونے کی قیمتوں نے سابقہ تمام ریکارڈ توڑ ڈالے
27 جولائی 2020 (19:05) 2020-07-27

کراچی :چین اور بھارتی صارفین کی جانب سے سونے کی بڑھتی ہوئی خریداری، امریکا اور چین کے درمیان کشیدگی بڑھنے سے اہم کرنسیوں کی قدر میں کمی اورگولڈ میں سرمایہ کاری بڑھنے کے باعث مقامی وعالمی مارکیٹوں میں خالص سونے کی قیمت تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔

بین الاقوامی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 46ڈالر کے اضافے سے 1942 ڈالرکی سطح پر پہنچ گئی جو9 سال کی بلند ترین سطح ریکارڈ کی گئی ہے کیونکہ سال 2011 میں بھی سونے کی عالمی مارکیٹ میں قیمت 1925ڈالرفی اونس تک پہنچ گئی تھی۔

مقامی صرافہ مارکیٹوں میں پیرکوبھی 24قیراط کے فی تولہ اوردس گرام سونے کی قیمتوں میں بالترتیب 5100 روپے اور4372 روپے کااضافہ ہوگیا جس کے نتیجے میں کراچی حیدرآباد سکھر ملتان لاہور فیصل آباد اسلام آباد راولپنڈی پشاوراورکوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ 24 قیراط سونے کی قیمت 1 لاکھ 23 ہزار800 روپے کی سطح پر پہنچ گئی اور10 گرام 24 قیراط سونے کی قیمت بڑھ کرایک لاکھ 6ہزار138 روپے ہوگئی۔

اسی طرح فی تولہ 24قیراط چاندی کی قیمت 100روپے بڑھ کر1500روپے ہوگئی اوردس گرام چاندی کی قیمت 85روپے 73پیسے بڑھ کر 1286روپے کی سطح پر پہنچ گئی ہے۔ بلین مارکیٹ کے نمائندوں کا کہنا ہے کہ پیرکو دبئی گولڈ مارکیٹ کے مقابلے میں پاکستان کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت 2000روپے کم رہی ہے۔


ای پیپر