Source : Yahoo

سرفراز احمد کا ممکنہ وزیر اعظم عمران خان کے لیے بڑا پیغام
27 جولائی 2018 (22:44) 2018-07-27

کراچی:پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے سمیت دیگر کھلاڑیوں نے چیئر مین پی ٹی آئی عمران خان کو انتخابات میں فتح پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ قوی امید ہے کہ پاکستان کے عظیم ترین کرکٹر کی قیادت میں ملک ترقی کا سفر طے کرے گا۔

اپنے ایک بیان میں سرفراز احمد نے کہا کہ عمران خان نے اپنی بہترین قائدانہ صلاحیتوں کی بدولت پاکستان کرکٹ ٹیم کو دوام بخشا اور یہ ان کی شاندار اہلیت اور مدبرانہ قیادت تھی کہ جس کی بدولت پاکستان عالمی کپ جیتنے میں کامیاب ہوا، توقع ہے کہ سیاسی میدان میں قدم رکھنے والے عمران خان پاکستان کو ترقی کی شاہراہ پر گامزن کریں گے۔

ایشین بریڈ مین ، سابق ٹیسٹ کپتان اور آئی سی سی کے سابق صدر ظہیر عباس نے بھی عمران خان کو انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ عمران نے دنیائے کرکٹ میں عظیم کارنامے انجام دے کر اپنے ملک کا نام روشن کیا، دنیا آج بھی ان کی عمدہ قیادت کی معترف ہے، امید ہے کہ عمران خان ملکی معیشت کو مستحکم کرنے کے ساتھ درپیش مسائل کو خوش اسلوبی سے حل کرنے میں کامیاب رہیں گے،ان کے وزیر اعظم بننے سے پاکستان کرکٹ کو بھی استحکام ملے گا۔

ا

دوسری جانب ہاکی کے عظیم کھلاڑیوں اور سابق قومی کپتان اولمپیئن سمیع اللہ خان ، اولمپیئن حنیف خان ، اولمپیئن اصلاح الدین صدیقی، اولمپیئن شہناز شیخ ،اولمپئین عبدالوحید خان ، اولمپئن شاہد علی خان ،اولمپئن ناصر علی اولمپئن فرحت خان ، اولمپئن منظور سینئر نے بھی عمران خان کو قومی انتخابات جیتنے پر مبارکباد دی۔

سکواش کے سابق عالمی چیمپئن جہانگیر خان نے عمران خان کی جیت کو شاندار قرار دیا اور کہاکہ ایک نامور سپورٹس مین کا پاکستان کا وزیر اعظم بننا خوش آئند ہوگا، قوی امکان ہے کہ ملک کے اہم ترین منصب پر فائز ہونے کے بعد عمران خان قومی امور کے ساتھ کرکٹ سمیت دیگر کھیلوں اور کھلاڑیوں کی ترقی اور فلاح کے لیے اقدامات کریں گے، ٹینس کے قومی نمبر1 عقیل خان اور قومی ویمن ٹیبل ٹینس چیمپئن ماہور شہزاد نے بھی عمران خان کو مبارکباد دی ہے۔


ای پیپر