سعودی عرب کیساتھ تعلقا ت کو فرو غ دیں گے ‘عمران خان
کیپشن:   Source : Yahoo
27 جولائی 2018 (20:39) 2018-07-27

اسلام آباد :چیئرمین تحریک انصاف اور متوقع وزیراعظم عمران خان نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ ان کی حکومت برادر ملک سعودی عرب کیساتھ تعلقات کو مزید فروغ دے گی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان میں متعین سعودی سفیر سعید المالکی نے جمعہ کے روز بانی گالہ میں چیئرمین تحریک انصاف اور متوقع وزیراعظم عمران خان سے تفصیلی ملاقات کی ‘جس میں دو طرفہ امور پر تبادلہ خیا ل کیا گیا ‘ سعودی سفیر نے سعید المالکی نے اس موقع پر فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کا مبارکباد کا خصوصی پیغام پہنچایا ‘ سعودی سفیر نے عمران خان کو بتایا کہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے پاکستان میں بننے والی نئی حکومت اور عوام کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے .

انہوں نے بتایا کہ سعودی عرب پاکستان میں بننے والی نئی حکومت سے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا‘ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف اور متوقع وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان کا برادر اسلامی ملک ہے ‘ سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کی ہے ‘ہمارے لاکھوں پاکستانی سعودی عرب کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں‘ہم سعودی عرب کیساتھ تعلقات کو مزید فروغ دیں گے ۔

ان کا کہنا تھا کہ خطے میں سعودی عرب کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز اپنی وکٹری تقریر میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے سعودی عرب کیساتھ تعلقات کو فروغ دینے کا اعلان کیا تھا ‘جس کے بعد گزشتہ روز سعودی سفیر نے ان سے ملاقات کی اور سعودی شاہ کا خصوصی مبارکباد کا پیغام پہنچایا۔


ای پیپر