Source : Yahoo

انتخابی نتائج تسلیم کرنے سے انکار ،تحریک لبیک نے احتجاج کا الٹی میٹم دیدیا
27 جولائی 2018 (20:03) 2018-07-27

راولپنڈی: تحریک لبیک پاکستان کی مرکزی شوریٰ نے انتخابی نتائج تسلیم کرنے سے انکار کر تے ہوئے کارکنان کو احتجاج کی کال کے لئے تیار رہنے کا الٹی میٹم دے دیا ہے.

تحریک نے واضح کیا ہے کہ ہمارا مینڈیٹ واپس نہ کیا گیا تو اسمبلیوں کے گھیراﺅ کے علاوہ الیکشن کمیشن کے سامنے احتجاج سمیت کوئی بھی معاملات انجام دیئے جا سکتے ہیں مرکزی مجلس شوریٰ کے اجلاس کے بعد سوشل میڈیا کے ذریعے جاری مختصر اعلامیہ میں تحریک کے سربراہ علامہ خادم رضوی نے کہا کہ اہم اجلاس کے بعد مرکزی شوریٰ یہ واضح کرنا چاہتی ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان اور ذمہ دار ادارے یہ بات کان کھول کر سن لیں کہ تحریک لبیک کے مینڈیٹ پر جو حملہ کیا گیا اور ووٹروں کی جو تذلیل کی گئی اس پر ہم ہر گز خاموش نہیں رہ سکتے اور ہم اس بات کی بھی وضاحت کر رہے ہیں کہ آپ کے اس عمل سے تمام اہل پاکستان کا دل دکھا ہواہے اور وہ شدید تشویش میں مبتلا ہیں .

لہٰذا یہ بھی کان کھول کر سن لیں کہ اگر ہمارا مینڈیٹ واپس نہ کیا گیا تو ہم شدید ترین احتجاج کا حق رکھتے ہیں یہ احتجاج الیکشن کمیشن کے سامنے بھی ہو سکتا ہے اسمبلیوں گھیراﺅ بھی ہو سکتا ہے اور دیگر معاملات بھی سر انجام دیئے جا سکتے ہیں اور حالات کی تمام تر ذمہ داری الیکشن کمیشن اور ذمہ دار اداروں پر ہو گی لہٰذا تحریک لبیک کے تمام ذمہ داران ،کارکنان ،محبین اورمخلصین آئندہ کال کا انتظار کریں۔


ای پیپر