عوامی مینڈیٹ کا احترام نہ کیا گیا تو بھرپور جواب دینگے، حمزہ شہباز
کیپشن:   Source : Yahoo
27 جولائی 2018 (16:57) 2018-07-27

لاہور:پاکستان مسلم لیگ(ن)کے رہنما حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ تمام تر تحفظات کے باوجود ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان میں جمہوریت کا پودا پھلے پھولے اور پاکستان ترقی کرے،پنجاب میں مسلم لیگ(ن) کو اکثریت ملی ہے اگر عوامی مینڈیٹ کا احترام نہ کیا گیا تو بھرپور جواب دینگے،میاں نواز شریف اور شہباز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن)اپنا بھرپور آئینی کردار ادا کرے گی۔

لاہورمیں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 2013 میں جب ہمیں حکومت ملی تھی تو سابق وزیر اعظم نواز شریف نے پاکستان تحریک انصاف کے مینڈیٹ کی عزت کی تھی اور انہیں خیبرپختونخوا میں حکومت بنانے کا موقع دیا تھا۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ہمارے پاس اکثریت ہے اور ہماری 129 نشستیں ہیں جبکہ ہمارے مقابلے میں تحریک ا نصاف کی 118 نشستیں ہیں اور ہم پنجاب میں حکومت بنائیں گے۔ حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ انتخابات سے قبل دھاندلی ہوئی، ہم پر مقدمے بنائے گئے، ہمارے کارکنوں کو گرفتار کیا گیا لیکن ہم اپنا آئینی حق ادا کرتے رہیں گے۔

عمران خان کو مخاطب کرکے کہہ رہا ہوں کہ مسلم لیگ ن پنجاب میں سب سے بڑی پارٹی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت سازی کے لیے پیپلز پارٹی سے بھی بات کریں گے، ق لیگ سے بھی، عمران خاں صاحب سن لیں نواز شریف صاحب نے آپ کو کے پی میں حکومت بنانے کا موقع دیا تھا۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ ہم پنجاب میں حکومت بنائیں گے، اگر روکا گیا تو اس کا بھرپور جواب دیں گے،ن لیگی رہنما نے مزید کہا کہ اپنا حق لینے کیلئے ہم ہر آئینی فورم پر جائیں گے، جمہوری روایات کا پاس کیا جائے، پنجاب میں مسلم لیگ ن کی اکثریت ہے۔انہوں نے کہاکہ کوئی جیتے کوئی ہارے، انتخابات شفاف ہونے چاہئیں۔

کبھی ایسا نہیں ہوا کہ الیکشن میں ڈیڑھ دن بعد بھی نتائج آ رہے ہوں۔ حمزہ شہباز کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہمیں اقتدار کی ہوس نہیں لیکن جمہوری اقدار کا خیال رکھا جانا چاہیے، تمام تر تحفظات کے باوجود ہم اپوزیشن میں بیٹھ رہے ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ تمام ترتحفظات کے باوجود چاہتے ہیں کہ جمہوریت کا پودا پھلے پھولے، 21ارب روپے خرچ کرنے کے باوجود آر ٹی ایس سسٹم خراب ہوگیا۔عمران خان کی تقریر کی تعریف کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان کی باتیں سننے میں تو اچھی تھیں لیکن ان پر عمل بھی کرنا ہوگا۔ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ عزت اللہ تعالی کی ذات دیتی ہے اور عزت کرسی میں نہیں لوگوں کے دلوں میں ہوتے ہیں کیونکہ کرسیاں آتی جاتی رہتی ہیں۔


ای پیپر