Senate elections, Raja Riaz, Jahangir Tareen, PM Imran Khan, PDM, PPP, PML-N, PTI
27 جنوری 2021 (15:07) 2021-01-27

اسلام آباد: حکومت کو سینیٹ الیکشن میں جہانگیر ترین کی یاد ستانے لگی ، راجہ ریاض نے پنجاب سے سینیٹ انتخابات کے لیے ٹکٹ دینے کی کمیٹی کا چیئرمین جہانگیر ترین کو بنانے کا مطالبہ کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت حکومتی اور اتحادی جماعتوں کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں جہانگیر ترین کا تذکرہ ہوا ، راجہ ریاض نے پنجاب سے سینیٹ انتخابات کے لیے ٹکٹ دینے کی کمیٹی کا چیئرمین جہانگیر ترین کو بنانے کا مطالبہ کر دیا۔

راجہ ریاض نے اجلاس میں کہا کہ جہانگیر ترین کی پارٹی کے لیے خدمات کو فراموش نہیں کیا جا سکتا ، انہوں نے کہا کہ کمیٹی میں چوہدری سرور ، شاہ محمود قریشی ، عامر کیانی اور اعجاز چوہدری کو بھی شامل کیا جائے۔

دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم عملی طور پر ختم ہو چکی ہے ، انہوں نے جلسوں پر پورا زور لگا کر دیکھ لیا عوام انکے ساتھ نہیں۔

پارلیمانی پارٹی اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ یہ الیکشن کمیشن میں ہمیں پھنسانا چاہتے تھے مگر خود ہی پھنس گئے ہیں۔ آپ بے فکر رہیں ، اپوزیشن ہمارے لیے کوئی مسلئہ نہیں۔ 

انہوں نے پارٹی رہنماؤں کو ہدایت کی کہ تمام لوگ ملکر احساس پروگرام پر پورا زور لگائیں ، ارکان پارلیمنٹ شیلٹر ہومز کے دورے کریں اور غریبوں کو سہولیات فراہم کریں ، غریب کا احساس کریں گے تو باقی معاملات بھی ٹھیک ہوں گے۔

وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ براڈشیٹ کے علاوہ سرے محل اور حدیبیہ پیپر ملز کیس کی بھی مکمل تحقیقات ہوں گی۔


ای پیپر