PML-N, projects, Pakistan, Ahsan Iqbal, NAB, PTI government
27 جنوری 2021 (13:15) 2021-01-27

لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ ن لیگ نے اپنے منصوبوں کو مکمل کیا ، کرسیوں پر بیٹھ کر دفاتر کے مزے نہیں لیتے رہے۔ پاکستان کے چپے چپے پر ن لیگ کے منصوبے نظر آرہے ہیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ نارووال اسپورٹس سٹی منصوبے پر ڈھائی ارب روپے خرچ کیے لیکن موجودہ حکومت کی جانب سے ڈھائی ارب روپے کے منصوبے کو 6 ارب کا دکھایا گیا۔

نیب پر تنقید کرتے ہوئے لیگی رہنما نے کہا کہ نیب نے دوسری آنکھ پر کالی پٹی باندھ رکھی ہے ، ہمارے خلاف ریفرنس بنانے کا مقصد کردار کشی ہے ، نواز شریف کے خلاف مہم جوئی قیاس آرائیوں پر تھی۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے کروڑوں روپے خرچ کرکے عدالتوں کا وقت ضائع کیا جا رہا ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ سی پیک منصوبے چین کی مدد سے ہو رہے ہیں ، سی پیک کیلئے معاشی ڈھانچے کی ضرورت تھی ، حکومت نے اس کو تباہ کر دیا۔ تبدیلی سرکار نے ملک کی معیشت کو تباہ کیا ، نالائق اور نااہل حکومت کے ہاتھوں ملک کو نقصان پہنچ رہا ہے۔

لیگی رہنما نے کہا کہ حکومت نے ترقیاتی بجٹ کا حجم نصف کر دیا ، قرض کی ادائیگی کیلئے حکومت ملکی املاک گروی رکھ رہی ہے۔ اس حکومت نے ملک کی ہایئرایجوکیشن کو تباہ کر دیا ، ہائیرایجوکیشن کو 10 ارب کی خصوصی گرانٹ دی جائے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ممبر اسمبلی وہی بات کر رہے ہیں جو پی ڈی ایم کر رہی ہے۔ ہم ان کی سازش کو ناکام بنانے کیلئے سینیٹ انتخاب میں حصہ لیں گے۔


ای پیپر