ملتان کے ترقیاتی پیکیج پر عملدرآمد کی خود نگرانی کروں گا: عثمان بزدار
27 جنوری 2020 (20:59) 2020-01-27

لاہور:وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ  ملتان سمیت تمام ڈویژنل ہیڈکوارٹرز کیلئے بگ سٹی الاؤنس کا جائزہ لے کر باقاعدہ اعلان کیا جائے گا۔ ملتان میں تعلیم اور صحت کی سہولتوں کو بہتر بنانے کیلئے نئے پراجیکٹس شروع کریں گے۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ملتان کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملتان میرا دوسرا گھر ہے اور اس شہر سے دلی لگاؤ ہے۔ میں ملتان سمیت ہر پسماندہ شہر اورعلاقے کا وکیل ہوں۔ ملتان کے ترقیاتی پیکیج پر عملدرآمد کی خود نگرانی کروں گا۔ ملتان میں سیوریج اور پینے کے پانی کے مسائل حل کئے جائیں گے۔اراکین اسمبلی کے حلقوں میں واٹر فلٹریشن پلانٹس لگائیں گے۔ ملتان میں مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال کا منصوبہ کابینہ اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔ محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات ملتان ترقیاتی پیکیج کا جائزہ لے کر ترجیحات کا تعین کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ اگلے مالی سال 2020-21 کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت ترقیاتی منصوبوں کی نشاندہی کے حوالے سے ہر ڈویژن کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی سے مشاورت ہوگی اوراس ضمن میں تمام متعلقہ سیکرٹریز بھی اجلاسوں میں شرکت کریں گے۔رواں مالی برس میں ملتان کیلئے مختص فنڈز ترجیحی بنیادوں پر دیئے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے حوالے سے بھی ملتان شہر کی ضروریات کے مطابق اقدامات کئے جائیں گے۔ ملتان میں سپیشل اکنامک زون کے قیام کے منصوبے کیلئے وفاقی حکومت سے بات کی جائے گی۔ ناردرن اور سادرن بائی پاس کو مکمل کرنے کیلئے فوری اقدامات کریں گے۔ ملتان وہاڑی روڈ کو دو رویہ کرنے کے منصوبے کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت شروع کیا جائے گا۔ ملتان شہر کے اندر ٹریفک کے مسائل کے حل کیلئے ضروری اقدامات اٹھائیں گے۔پنجاب میں پہلی بار ارکان اسمبلی کی مشاورت سے ترقیاتی منصوبے تشکیل دیئے جا رہے ہیں۔ پنجاب میونسپل سروسز پروگرام کے تحت ڈویلپمنٹ پراجیکٹس کی تکمیل سے عوام کے بنیادی مسائل حل ہوں گے۔


ای پیپر