سینیٹ انتخابات، جماعت اسلامی نے پی ڈی ایم کی حمایت کا اعلان کر دیا
سورس:   فائل فوٹو
27 فروری 2021 (17:56) 2021-02-27

پشاور: جماعت اسلامی نے سینیٹ انتخابات کے حوالے سے پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کی حمایت کا اعلان کر دیا۔

پشاور میں پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کا اجلاس ہوا۔ اجلاس کے دوران سینیٹ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ اجلاس کے دوران جماعت اسلامی اور پی ڈی ایم کے درمیان تمام معاملات طے پا گئے ہیں۔

اجلاس کے دوران جماعت اسلامی نے دیگر حزب اختلاف جماعتوں کی طرح پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔ 

اجلاس میں طے پایا گیا کہ مسلم لیگ ن، جے یو آئی اورعوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) جنرل نشستوں پرلڑیں گے۔ پیپلز پارٹی ٹیکنوکریٹ اور جماعت اسلامی خواتین کی نشست پر الیکشن لڑینگے۔

ادھر پیپلز پارٹی نے سینیٹ انتخابات میں ایم کیو ایم پاکستان کیلئے 2 نشستوں پر اپنے امیدوار دستبردار کرانے پر رضامندی ظاہر کر دی۔

پیپلزپارٹی کا وفد ایم کیو ایم پاکستان مرکز بہادر آباد پہنچا جس میں ناصر حسین شاہ، شرجیل میمن، مرتضیٰ وہاب اور وقار مہدی شامل تھے۔ ایم کیو ایم پاکستان رہنماؤں اور پی پی وفد کے درمیان ملاقات ہوئی جس کے بعد دونوں جماعتوں کے رہنماؤں نے میڈیا سے گفتگو کی۔

وزیر اطلاعات ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کی دو نشستوں کیلئے اپنے امیدوار دستبردار کرانے کو تیار ہیں لیکن متحدہ کو بھی یوسف رضا گیلانی والی نشست پر مدد کرنا ہو گی۔

بشکریہ(نیو نیوز)


ای پیپر