فائل فوٹو

بھارتی جارحیت کا جواب دینے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں تھا: ڈی جی آئی ایس پی آر
27 فروری 2019 (13:14) 2019-02-27

راولپنڈی: ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ بھارتی جارحیت کا جواب دینے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں تھا، پاکستان نے ایک ذمہ دار ملک کا رویہ اپنایا، ہم صرف اور صرف امن چاہتے ہیں۔

میڈیا بریفنگ میں ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ لائن آف کنٹرول پر کارروائی کی گئی ہے۔ پاک فضائیہ نے بھارت کے 2 جنگی طیارے مار گرائے، دونوں طیاروں کو پاکستانی حدود کی خلاف ورزی پر مار گرایا، ایک بھارتی پائلٹ کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ 2 بھارتی پائلٹس کی تلاش جاری ہے۔ دونوں طیارے پاکستانی فضائی حدود میں تھے۔

آج صبح سے ایل او سی پر کچھ سرگرمی چل رہی تھی، بھارت نے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کی، 2 بھارتی طیارے پاکستان میں داخل ہوئے، انہیں مار گرایا جبکہ تیسرا بھارتی طیارہ گرنے کی بھی اطلاعات ہیں۔ ہم نے 6 ٹارگٹ کو لاک کیا پھر اسٹرائیک کیا۔ سیفٹی ڈیفنس رکھ کر ٹارگٹ سے کچھ فاصلے پر فائر کیے۔ کھلی جگہ پر اسٹرائیک کیا۔ ہم نے ذمہ داری کا ثبوت دیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی میڈیا نے خبر چلائی ہمارا ایف 16 گرا دیا، ہم نے کارروائی میں ایف 16 استعمال ہی نہیں کیے۔ ہم خطے کو جنگ کی طرف نہیں لے جانا چاہتے۔ پاک فضائیہ کی کارروائی کی ویڈیو کچھ دیر میں شیئر کریں گے۔ زخمی بھارتی پائلٹ کو ہسپتال منتقل کردیا ہے، ان کا پورا خیال رکھا جائے گا۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ ہم کہتے ہیں مل بیٹھ کر بات چیت کریں، جنگ مسئلے کا حل نہیں ہے، ہم نے اپنے دفاع میں کارروائی کی ہے۔ جنگ مسلط کی گئی تو جواب مختلف ہو گا، پاکستان ہمسایوں سمیت خطے میں امن چاہتا ہے۔


ای پیپر