FC personnel, terrorists, attack, ISPR, Balochistan
27 دسمبر 2020 (17:02) 2020-12-27

کوئٹہ : بلوچستان کے علاقہ ہرنائی میں دہشت گردوں کا ایف سی کے قافلے پر حملہ، فائرنگ سے 7 ایف سی اہلکار شہید ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق حملہ آوروں کی تلاش کے لیے بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ نائب صوبیدار گلزار، سپاہی فیصل، سپاہی عبدالوکیل ، سپاہی زیر زمان، سپاہی جمال، عبدالرؤف اور فقیر محمد شہداء میں شامل ہیں۔

واضح رہے کہ ایف سی چیک پوسٹ پر حملہ رات کیا گیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بزدلانہ کارروائی کرنیوالے دہشتگردوں کو بلوچستان کا امن تباہ کرنے نہیں دیں گے۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی ہرنائی کے علاقے شاہرگ میں سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے کے واقعہ کی شدید مذمت ، کہا ہم شہید ہونے والے اہلکار کے خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ حملے میں 7 سیکیورٹی اہلکار کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دہشت گرد حملوں سے ہمارے حوصلے پست نہیں ہوسکتے۔

جام کمال خان نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز ملک کے دفاع میں اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہی ہیں ہم سب کو ان پر فخر ہے۔ شہیدوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ بہادر سیکیورٹی فورسز وطن کا دفاع اور دہشت گردوں کا مقابلہ کرنا جانتی ہیں، انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے واقعات میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔


ای پیپر