Lahore,fog,enveloped,zero,visibility,motorways,closed
27 دسمبر 2020 (09:40) 2020-12-27

لاہور : شہر کو  دھند نے اپنی لپیٹ میں لے لیا ٗ کئی مقامات پر حد نگاہ صفر ہو گئی ٗ نظر نہ آنے پر لوگ راستہ بھول گئے اور کئی کاریں اور موٹر سائیکلیں حادثے کا شکار ہو گئیں ۔ظفر وال میں حادثے کا شکار ہو کر ایک نوجوان ہلاک جبکہ پنڈی بھٹیاں میں چار افراد زخمی ہوگئے

تفصیلات کے مطابق پنجاب کے کئی شہروں میں دھند کا راج ہے۔ موٹروے پر لاہور سے پنڈی بھٹیاں تک کئی مقامات پر حد نگاہ صفر ہو چکی ہے اس لئے لاہور سے موٹر وے پر داخلہ ساری رات بند رکھا گیا اور دھند کم ہونے تک بند رہے گا۔ دھند کی وجہ سے لاہور سے اندرون اور بیرون ملک جانیوالی تمام پروازوں کو روک دیا گیا ہے اور دھند ختم ہونے کا انتظار کیا جا رہا ہے۔

شہر لاہور میں خاص طور پر دھند نے اپنے ڈیرے جما رکھے ہیں۔ جہاں ایئر کوالٹی انڈیکس کے مطابق لاہور میں فضائی  آلودگی اپنے عروج پر ہے وہیں دھند کی وجہ سے اکثر مقامات پر حد نگاہ صفر ہے۔ لوگوں کیلئے اپنی منزل مقصود تک پہنچنا بہت مشکل رہا اور کئی لوگوں کو راستہ دیکھنے میں بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔ اکثر مقامات سے چھوٹے حادثات کی اطلاعات آئی ہیں لیکن کوئی بڑا نقصان نہیں ہوا۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ابھی چند دن دھند کی یہ شدت جاری رہے گی اور اسی وجہ سے سردی بھی شدید رہے گی۔ 


ای پیپر