فوٹو بشکریہ فیس بک

سپریم کورٹ نے رائل پام کلب لاہور کو عدالتی تحویل میں لیتے ہوئے نئی انتظامیہ مقرر کردی
27 دسمبر 2018 (12:21) 2018-12-27

لاہور : سپریم کورٹ نے رائل پام کلب لاہور کو عدالتی تحویل میں لیتے ہوئے نئی انتظامیہ مقرر کردی۔

چیف جسٹس کی سربراہی میں 3 رکنی بنیچ نے ازخود نوٹس کیس کی سماعت کی، میسرز فرگوسن کو رائل پام کلب کا انتظام دیتے ہوئے حکم دیا کہ تمام ریکارڈ قبضے میں لے لیں اور پرانی انتظامیہ کی کلب میں داخلے پر پابندی لگا دی۔

سپریم کورٹ نے لاہور ہائیکورٹ کے کلب سے متعلق تمام احکامات غیر موثر کرتے ہوئے حکم دیا کہ رائل پام کلب کی تمام سرگرمیاں معمول کے مطابق چلائی جائیں۔

سپریم کورٹ نے ریلوے اراضی پر ہاؤسنگ سوسائٹیز بنانے پر بھی پابندی لگا دی۔ چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ ریلوے کی زرعی اراضی 3 سال کی مدت سے زائد دینے پر بھی پابندی عائد کر رہے ہیں۔

عدالتی احکامات پر وزیر ریلوے شیخ رشید خوش نظر آئے، کہتے ہیں چیف جسٹس نے قوم کو بڑی سہولت دی۔ انہوں نے کہا کہ سعد رفیق نے ریلوے کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا۔ وزیر ریلوے کے مطابق چیف جسٹس کے سامنے 123 کیس پیش کیے ہیں جن پر ماتحت عدالتوں نے حکم امتناعی جاری کر رکھا ہے۔


ای پیپر