Source : Yahoo

نئے کرنسی نوٹوں سے متعلق تمام خبروں سے لا علم ہوں‘اسد عمر
27 اگست 2018 (18:09) 2018-08-27

اسلام آباد:وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے کرنسی نوٹوں کی تبدیلی کی خبروں کو جھوٹ قرار دےدیا۔پیر کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاوس کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر سے صحافی نے نئے کرنسی نوٹوں سے متعلق سوال کیا جس پر اسد عمر کا کہنا تھا کہ نئے کرنسی نوٹوں سے متعلق جو خبر چل رہی ہے وہ میرے علم میں نہیں ہے‘ کرنسی نوٹوں کی تبدیلی سے متعلق ایسی کوئی خبر مجھ تک نہیں پہنچی ‘یہ جو میں واٹس ایپ گروپوں اور سوشل میڈیا پر دیکھتا ہوں ایسا کچھ بھی نہیں ہے۔

اسد عمر نے کہا کہ جعلی نوٹ جس رنگ میں بھی ملیں اچھے لگتے ہیں۔ واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر گذشتہ کئی دنوں سے کرنسی نوٹوں کی کچھ تصاویر گردش کر رہی ہیں‘ ان نوٹوں میں پاکستانی ثقافت کو پروموٹ کیا گیا لیکن ان کرنسی نوٹوں کا ایک منفی پہلو یہ ہے کہ ان پر بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کی تصویر کہیں موجود نہیں ہے۔ان کرنسی نوٹوں سے متعلق کہا گیا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے پرانے کرنسی نوٹوں کو تبدیل کر کے یہ کرنسی نوٹ لانے کا فیصلہ کیا ہے۔

سوشل میڈیا پر گردش کرتی کرنسی نوٹوں کی ان تصاویر کو دیکھ انٹرنیٹ صارفین نے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کو آڑے ہاتھوں لے لیا اور کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے پاکستان کے کرنسی نوٹوں سے بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کی تصویر ہٹانے کا جو فیصلہ کیا ہے وہ قابل مذمت ہے۔ چونکہ قائد اعظم محمد علی جناح پاکستان کے بانی ہیں لہذا کرنسی نوٹوں پر ان کی ہی تصویر ہونی چاہئیے۔


ای پیپر