فوٹوبشکریہ فیس بک

نواز شریف کو اہل خانہ سے 20 منٹ فون پر بات کرنے کی سہولت مل گئی
27 اگست 2018 (14:44) 2018-08-27

راولپنڈی: ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا کے بعد اڈیالہ جیل میں قید سابق وزیراعظم نواز شریف کو اہل خانہ سے رابطے کیلئے ٹیلیفون کی سہولت مل گئی۔

تفصیلات کے مطابق نواز شریف ہفتے میں ایک بار 20 منٹ اپنے صاحبزادوں اور دیگر افراد سے بات چیت کرسکیں گے۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ جیل انتظامیہ نے گزشتہ دنوں سابق وزیراعظم کو جیل میں دیگر اسیران کیلئے موجود پی سی او کی سہولت سے آگاہ کیا اور کہا کہ اگر وہ فون پر اہل خانہ سے بات چیت کرنا چاہیں تو انھیں بھی مذکورہ سہولت فراہم کی جاسکتی ہے۔

نواز شریف نے ابتدا میں جیل انتظامیہ سے یہی کہا کہ ان کی اہلیہ برطانیہ میں زیرعلاج ہیں اس لیے انھیں وہاں رابطے کیلئے اسکائپ یا دیگر ایپلی کیشنز کے ذریعے بات کرنے کی سہولت دی جائے۔ جیل انتظامیہ نے انھیں بتایا کہ صرف جیل کے اندر انسٹال پی سی او کے ذریعے یہ سہولت دی جاسکتی ہے اور اس مقصد کیلئے قیدیوں کو 3 فون نمبر پہلے جیل انتظامیہ کو فراہم کرنا ہوتے ہیں جس پر سابق وزیراعظم نے کچھ دن خاموشی اختیار کیے رکھی۔ اب معلوم ہوا ہے کہ نواز شریف کی رضامندی کے بعد انھیں ان کے بلاک میں ہی پی سی او کے ذریعے فون کی سہولت فراہم کردی گئی ہے۔

نواز شریف کو ہفتے میں 20 منٹ تک اپنے اہل خانہ سے بات کرنے کی سہولت میسر ہے۔ ذرائع کے مطابق سابق دور حکومت میں قیدیوں کو جیل میں ہی پی سی او کی سہولت دی گئی تھی۔ ٹیلی فون سہولت کا مکمل ریکارڈ باقاعدگی سے مرتب کیا جاتا ہے، قیدی اور جس شخص کو کال کی گئی ہو اس کی وائس مانیٹرنگ کی جاتی ہے۔

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 


ای پیپر