وفاقی حکومت کا عید الفطر پر سرکاری و نجی ملازمین کو 5 تعطیلات دینے کا فیصلہ
سورس:   فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر
27 اپریل 2021 (21:09) 2021-04-27

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے عیدالفطر پر تمام سرکاری اور نجی ملازمین کو پانچ تعطیلات دینے کا فیصلہ کیا ہے جس کا اعلان وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کی جانب سے کیا گیا۔ 

نجی خبر رساں ادارے کے مطابق گزشتہ روز نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی) نے عیدالفطر پر 7 چھٹیوں کی سفارش کرتے ہوئے کہا تھا کہ 10 سے 16 مئی تک عیدالفطر کی چھٹیاں دی جائیں۔ وزارت داخلہ کی جانب سے چھٹیوں کی سمری وفاقی کابینہ کو ارسال کی جائے گی جس کی منظوری کے بعد ہی وزارت داخلہ نوٹیفیکیشن سے جاری ہوگا۔

دوسری جانب حکومت نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر 8 مئی سے 16 مئی تک تمام سیاحتی مقامات بند کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے اور عید تعطیلات کے دوران بین الاضلاعی اور بین الصوبائی پبلک ٹرانسپورٹ بھی بند رہے گی، این سی او سی کی ہدایت پر وزارت داخلہ کی جانب سے سرکلر بھی جاری کیا جا چکا ہے۔ 

وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کئے گئے سرکلر کے مطابق عید کی چھٹیوں میں سیاحتی مقامات، پبلک پارکس، ہوٹلز بند رہیں گے اور صرف گلگت بلتستان کے شہریوں کو اپنے علاقوں میں جانے کی اجازت ہو گی جبکہ شمالی علاقہ جات، مری، سوات، گلیات، سی ویو جانے والے راستے بھی بند رہیں گے۔

اس کے علاوہ حکومت نے رمضان المبارک کے آخری عشرے میں اعتکاف، شب قدر اور عیدالفطر کی نماز سے متعلق ایس او پیز جاری کرنے کا فیصلہ بھی کیا جس کا نوٹیفکیشن بھی جلد جاری کر دیا جائے گا جبکہ عید تعطیلات کے دوران بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔

(بشکریہ: نیو نیوز)


ای پیپر