The government is not relying on vaccines for gifts and donations: Dr Faisal Sultan
کیپشن:   فائل فوٹو
27 اپریل 2021 (12:15) 2021-04-27

اسلام آباد: وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں اس وقت کورونا ویکسین کی کمی ہے، ویکسین کی ڈیمانڈ زیادہ ہے اور سپلائی کم ہے۔ پاکستان کو کوویکس کی جانب سے ادویات نہیں ملیں۔

اسلام آباد میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ویکسی نیشن سے متعلق اطلاعات چل رہی ہیں۔ حکومت تحفے اور ڈونیشن میں ملنے والی ویکسین پر انحصار نہیں کر رہی، 30 کروڑ ڈوز کی ڈیل کر لی ہے۔ ملک میں ویکسی نیشن کا عمل بلا تعطل جاری ہے۔

ڈاکٹر فیصل سلطان نے کورونا کی صورتحال بتاتے ہوئے کہا کہ کورونا کیسز بڑھنے پر مردان میں لاک ڈاؤن لگا دیا گیا ہے۔ اگر کورونا کیسز میں کمی نہیں آئی تو باقی شہروں میں بھی لاک ڈاؤن لگایا جا سکتا ہے۔

پاکستان میں آکسیجن کی سہولت بارے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آکسیجن کے پلانٹ سے منتقلی پر بھی نظر رکھے ہوئے ہیں۔ پاکستان سٹیل ملز کے آکسیجن پلانٹ کو بھی دیکھ رہے ہیں۔ مختلف ممالک سے آکسیجن کی امپورٹ کو ممکن بنایا جا سکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہر روز ہیلتھ کیئر سسٹم کی صلاحیت بڑھا رہے ہیں۔ کورونا کی صورتحال سے شہر کے ہیلتھ سسٹم کا اندازہ لگاتے ہیں۔ این سی او سی میں ملک کے شہروں کی صورتحال آتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ہم تین کمپنیوں سے ویکسین خرید رہے ہیں لیکن کئی ممالک کو ایڈوانس بکنگ کے باوجود ویکسین فراہم نہیں ہو سکی کیونکہ دنیا بھر میں ویکسین کی کمی ہے۔

ڈاکٹر فیصل کا کہنا تھا کہ 20 لاکھ سے زیادہ ویکسین کی ڈوز لگ چکی ہیں۔ اس وقت 50 سال سے زائد عمر کے لوگوں کی ویکسین چل رہی ہے۔ شہریوں کو کورونا کے حفاظتی ٹیکے لگانے کیلئے ملک بھر میں 1200 ویکسی نیشن سینٹر قائم کئے گئے ہیں۔ آج سے 40 سال عمر کے زائد لوگوں کیلئے رجسٹریشن شروع کر دی ہے۔ ویکسی نیشن سینٹر جمعہ کو بند اور اتوار کو کھلتے ہیں۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی نے عوام سے پرزور اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں رمضان المبارک اور عیدالفطر  سادگی سے گزرانی ہوگی۔ شہری ماسک کا استعمال کریں، 6 فٹ کا فاصلہ رکھیں اور ہجوم میں نہ جائیں۔


ای پیپر