US President, Joe Biden, 600 million doses, corona vaccine, needy countries, WHO
27 اپریل 2021 (11:52) 2021-04-27

نیویارک: امریکا نے آسٹرا زینیکا کورونا ویکسین کی 60 کروڑ خوراکیں ضرورت مند ممالک کو دینے کا اعلان کر دیا ۔

وائٹ ہاؤس کی پریس سیکرٹری جین ساکی کا کہنا ہے کہ کورونا ویکسین کی یہ خوراکیں آئندہ ماہ ضرورت مند ممالک کو بھجوا دی جائیں گی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ دنیا میں کورونا کی بگڑتی صورتحال کے باعث بائیڈن انتظامیہ کو امریکی ویکسین کے ذخیرے کو ضرورت مند ممالک کے ساتھ بانٹنے کے لئے دباؤ کا سامنا تھا ۔

دوسری جانب بھارت میں کورونا کیسز کی صورت حال گھمبیر ہونے کے باعث عالمی ادارہ صحت کے سربراہ نے اضافی عملہ اور سامان بھارت بھیجنے کا اعلان کر دیا ۔

سامان میں آکسیجن ، موبائل فیلڈ ہسپتال اور لیبارٹری سامان شامل ہیں ، اس کے علاوہ ڈبلیو ایچ او کے 2600 اضافی اسٹاف ممبر وبا سے لڑنے میں مودی سرکار کی مدد کریں گے ۔

اسسٹنٹ ڈی جی ڈبلیو ایچ او نے کہا کہ چین کی 2 کورونا ویکسینز کی ہنگامی منظوری پر غور آئندہ ہفتے متوقع ہے جبکہ سائنو فام ویکسین سے متعلق فیصلہ رواں ہفتے کے آخر میں کیا جا سکتا ہے ۔

واضح رہے کہ بھارت کورونا وائرس کا گڑھ بن گیا ہے ، ہسپتالوں میں مریضوں کیلئے جگہ ختم ہو گئی ہے ۔ 24 گھنٹے کے دوران 3 لاکھ ، 19 ہزار سے زائد کیس رپورٹ ہوئے جبکہ مزید 2 ہزار ، 764 افراد ہلاک ہو گئے ہیں جس کے بعد تعداد ایک لاکھ 97 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے ۔


ای پیپر