طویل لاک ڈائون کے بعد تعلیمی ادارے کھول دئیے گئے
27 اپریل 2020 (17:06) 2020-04-27

بیجنگ:ووہان سے شروع ہونے والے اس خطرناک وائرس نے آج بھی پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لیا ہوا ہے لیکن چین سے انہتائی خوش آئند خبریں آنی شروع ہو گئی ہیں ۔

چائنا میں طویل لاک ڈاؤن کے بعد تعلیمی ادارے کھلنا شروع ہوگئے ہیں ۔ بیجنگ اور شنگھائی کے طلباء وطالبات اپنے اسکولوں کا رُخ کررہے ہیں ۔سکول آنے والے ان طلباء وطالبات کوسکول میں داخلے سے قبل ایک خصوصی ایپ پر ’گرین‘ ہیلتھ کوڈ دکھانا ہوگا جو کسی شخص میں انفیکشن کے خطرے کا حساب لگاتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق چین میں طویل لاک ڈاؤن کے بعد معمولاتِ زندگی بحال ہونا شروع ہوگئی ہے جس کے بعد اب شنگھائی اور بیجنگ کے طلباء و طالبات سکولوں کارُخ کررہے ہیں۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق شنگھائی میں مڈل اور ہائی سکول کے آخری سال کے طلبا اپنی اپنی کلاس رومز میں واپس آگئے ہیں تاہم بیجنگ میں صرف ہائی سکول کے سینئر طلبا کو کیمپس میں واپس آنے کی اجازت دی گئی ہے تاکہ وہ یونیورسٹی کے داخلہ امتحان کی تیاری کر سکیں۔

چین نے مہلک بیماری کے پھیلاؤ پر بڑی حد تک قابو پالیا ہے لیکن بیرونی ممالک سے آنے والے کیسز کی بڑھتی ہوئی تعداد اور ملک کے شمال مشرق میںانفیکشن کی دوسری لہر کے خطرات کے سبب، ملک ابھی بھی ہائی الرٹ پر ہے۔


ای پیپر