سپاٹ فکسنگ کیس :عمراکمل کو سزا سنا دی گئی
27 اپریل 2020 (16:40) 2020-04-27

لاہور :پاکستان کے سابق مایہ ناز کھلاڑی مڈل آرڈر بیٹسمین عمراکمل کو سپاٹ فکسنگ کیس میں سزا سنادی گئی ،ان پر تین سال کھیلنے پر پابندی عائد کر دی گئی ۔

عمر اکمل کیس کی سماعت نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ڈسپلنری پینل کے چیئرمین جسٹس (ر) فضلِ میراں چوہان نے کی،جسٹس (ر) فضلِ میراں چوہان نے کیس کا مختصر فیصلہ سناتے ہوئے 3 سال تک کرکٹ کھیلنے پر پابندی عائد کردی۔

فیصلے کے مطابق کرکٹر عمر اکمل پر آئندہ تین برس کے لیے ہر طرح کی کرکٹ کے دروازے بند کر دیے گئے ہیں،سماعت میں عمر اکمل اکیلے ہی ڈسپلنری پینل کے سامنے پیش ہوئے تھے،مڈل آرڈر بیٹسمین عمر اکمل نے فکسنگ کی پیشکش اور روابط کے بارے میں متعلقہ حکام کو بروقت آگاہ نہیں کیا تھا۔

خیال رہے کہ عمر اکمل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا حصہ تھے،تاہم اب پابندی کے بعد وہ پی ایس ایل کے اسٹیج پر بھی دکھائی نہیں دیں گے۔


ای پیپر