'وفاقی حکومت سندھ کے بہتر کام کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کر رہی ہے'
27 اپریل 2020 (14:29) 2020-04-27

کراچی: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت سندھ کے بہتر کام کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان صوبوں سے لاتعلقی کا اظہار کر رہے ہیں۔ کہا وفاقی حکومت 18ویں آئینی ترمیم کی غلط تشریح کر کے ملک کیلئے جامع حکمت عملی بنانے کی اپنی ذمہ داری سے دستبردار نہیں ہو سکتی۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ بحران کے موقع پر مشکل فیصلے لینا ملکی قیادت کی ذمہ داری ہوتی ہے۔ 18 ویں ترمیم وفاقی صوبوں کو اختیار دیتی ہے لیکن وفاقی حکومت کو راہ فرار نہیں دیتی۔ قومی سطح پر پالیسی بنانے کیلئے قیادت کا فقدان ہے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے سوال اٹھایا کہ 18 ویں ترمیم کے بعد وفاق کا کوئی کردار نہیں رہا تو پھر ملک میں نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ کا ادارہ کیوں موجود ہے؟ وفاقی ہیلتھ سیکرٹری کیوں ہیں؟

بلاول بھٹو نے کہا عمران خان کو سمجھنا چاہیے کہ چندہ اکٹھا کرنا ہی ہر مسئلے کا حل نہیں، ضرورت ہے کہ دیگر ترقیاتی منصوبوں سے پیسے کاٹ کر صحت پر خرچ کیے جائیں۔


ای پیپر