پاکستان اسرائیل کو تسلیم نہیں کررہا ، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی
26 نومبر 2020 (21:36) 2020-11-26

اسلام آباد :وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے بیان کے بعد اسرائیل کو تسلیم کرنے کی تمام قیاس آرائیاں دم توڑ گئیں ،وفاقی وزیر شاہ محمود قریشی نے دوٹوک اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان  اسرائیل کو تسلیم نہیں کررہا،فلسطین پر ہمارا وہی مؤقف  ہے  جو کل تھا۔

وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا مسئلہ فلسطین پر ہماراواضح   اور دوٹوک مؤقف ہے،اسرائیل کو تسلیم کرنے سے  متعلق افواہیں اڑائی گئیں،مسئلہ فلسطین کے حل تک کوئی بھی بات چیت نہیں ہوسکتی،اسرائیل کے معاملے پر کسی دباؤ کا شکار نہیں ہورہے، اسرائیل کو کسی صورت قبول کرنے کا فیصلہ نہیں کیا۔

شاہ محمود قریشی نے کشمیر ایشو پر بات چیت کرتے ہوئے کہا او آئی سی  کا مقبوضہ کشمیر پروہی مؤقف ہے جو پہلے تھا ،انہوں نے کہا امید ہے کل  او آئی سی کی جانب سے بھارت  کو منہ توڑ جواب ملے گا،بھارت سے پروپیگنڈے کے علاوہ  اور کیا توقع کی جاسکتی ہے ،بھارت پاکستان کیخلاف کوئی بھی موقع ہاتھ سے نہیں جانے نہیں دیتا،اللہ کا کرم ہے  بھارت  کو ہر موقع پر  منہ کی کھانا پڑتی ہے.

انہوں نے کہا اس وقت مسلم امہ بڑے چیلنجز کا سامنا کررہی ہے،اسلا مو فوبیا  بھی  نیا چیلنج ہے جس کا سامنا کررہےہیں ،گستاخانہ  خاکوں سے متعلق بھی آج کے اجلاس میں بات ہوئی ،آج ہمارے  نادان اپوزیشن والے بھی کہتے ہیں کہ کشمیر کا سودا کردیا،نادان دوست چالاک دشمن سے زیادہ خطرناک ہوتے ہیں ۔


ای پیپر