گاجر کا حلوہ گھر پر بنائیں بالکل بازار جیسا ,انہتائی آسان طریقہ
26 نومبر 2019 (22:01) 2019-11-26

موسم بدلنے کے ساتھ ساتھ ہمارے غذائی چارٹ میں تبدیلی رونما ہو جاتی ہے، میٹھے پکوان ویسے تو ہر موسم میں پسند کئے جاتے ہیں لیکن سرد موسم کے تقاضے کچھ الگ ہی ہوتے ہیں. اس موسم کی بہترین سوغات گاجر کا حلوہ ہے، جو کم و بیش مٹھائی کی ہر دکان پر سجا ملتا ہے، آپ اگر اس مزیدار سوغات سے کسی سرد دن لطف اندوز ہونا چاہیں تو اسے گھر پر بھی بڑے آرام سے بنا سکتے ہیں.

اجزا

گاجریں: 1 کلو

دودھ: پونے 2 لیٹر

تازہ کریم: 200 گرام

چینی:تقریباً 2 کپ

مکھن: 3 کھانے کے چمچ

تیل: 1چوتھائی کپ

سبز الائچیاں: 10 عدد

کشمش: 1 کھانے کا چمچ

بادام (بغیر چھلکوں کے کٹے ہوئے): 2 کھانے کے چمچ

کھویا: حسب ضرورت

طریقہ کار

گاجریں چھیل کر کدوکش کرلیں، اور دودھ کو ابالنے کے لیے رکھ کر اس میں گاجریں شامل کردیں، گاجر اور دودھ ابل جانے کے بعد اس میں فریش کرم اور چینی کا اضافہ کر دیں، اس وقت تک چمچ مسلسل چلاتے رہیں، جب تک یہ مکسچر ابل نہ جائے، اس کے بعد آنچ درمیانی کر دیں۔

جب دودھ خشک ہونے لگے تو اس میں کریم کو شامل کرکے چمچ چلانا جاری رکھیں۔ کریم خشک ہونے پر مکھن، تیل اور الائچی کا اضافہ کردیں اور چمچ چلاتے ہوئے آنچ تیز کر دیں۔ یہ سلسلہ اس وقت تک جاری رکھیں جب تک تیل الگ نہ ہوجائے اور حلوے کی رنگت گہری نارنجی نہ ہو جائے۔ اس کے بعد کشمش، کھویا اور باداموں سے اسے سجا کر پیش کریں اور خود بھی لطف اندوز ہوں۔


ای پیپر