شیخ رشید نے 160 ایکڑ زمین قبضہ مافیا سے وا گزار کرانے کا اعلان کر دیا ؟ 
26 نومبر 2018 (15:40) 2018-11-26

راولپنڈی:وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ریلوے ٹریکس کے اطراف 160ایکڑ زمین پر لینڈ مافیا قابض ہے اور دس ہزار گھر بنے ہوئے ہیں۔ ریلوے کی زمین کو قبضہ مافیا سے واگزار کرایا جائے گا۔ 

راولپنڈی کے گوالمنڈی گرلز کالج کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ موجودہ حکومت کے 100دنوں میں ہم نے دس ٹرینیں چلا دی ہیں جبکہ 25دسمبر کو ایک اور ٹرین چلائی جائے گی۔ریلوے ٹریک کے قریب تمام اسکولوں کی کراسنگ بند کر دیں گے۔ ریلوے ٹریکس کے اطراف تجاوزات کا خاتمہ کر کے ہی ٹریک کو کلیئر کیا جا سکتا ہے جبکہ ہماری کوشش ہے کہ نالہ لئی کے اطراف بھی ریلوے سروس شروع کی جائے۔

مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مظالم پر بات کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ کشمیر میں بہت ظلم ہو رہا ہے اور سکھوں کی ساری عبادت گاہیں پاکستان میں ہیں اور ہم سکھوں کو لیز پر جگہ دینے کے لیے تیار ہیں۔ شیخ رشید نے اگلے سال سے ہر روز کسی ایک سرکاری اسکول میں بچوں کو پڑھانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ میں شیخ ہونے کے باوجود اسکول میں جنریٹر لگا دوں گا اور اگر ٹرانسفارمر ڈیڑھ لاکھ روپے کا ہے تو یہ میں اپنی جیب سے دیتا ہوں۔

وفاقی وزیر نے ڈائریکٹر کالجز کو حکم دیا کہ اگر کوئی ٹھیکیدار کام نہیں کر رہا ہے تو اس کو تبدیل کرا دیں۔ شیخ رشید نے دعوی کیا کہ جب میں نے سیاست شروع کی تو طالبات کی تعلیم میں راولپنڈی کا 27 واں نمبر تھا جو آج پہلے نمبر پر آچکا ہے۔


ای پیپر