نواز شریف کی جانب سے فلیگ شپ کیلئے رقم فراہم کرنے کا کوئی ثبوت نہیں:تفتیشی افسر
26 نومبر 2018 (14:03) 2018-11-26

اسلام آباد:احتساب عدالت میں نیب ریفرنس کی سماعت کے دوران تفتیشی افسر محمد کامران نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے فلیگ شپ کیلئے رقم فراہم کرنے کا کوئی ثبوت نہیں ۔

پیر کواحتساب عدالت اسلام آباد کے جج ارشد ملک نے فلیگ شپ ریفرنس کی سماعت کی تو ملزم نواز شریف عدالت میں پیش ہوئے اور ان کے وکیل خواجہ حارث نے تفتیشی افسر محمد کامران پر جرح جاری رکھی۔محمد کامران نے کہا کہ تفتیش کے دوران ایسی کوئی دستاویز نہیں ملی کہ نواز شریف نے اپنے اکاؤنٹ سے فلیگ شپ ، کوئینٹ پنڈ گٹن یا کسی دوسری کمپنی کے لئے رقم فراہم کی ۔

حسن نواز کا بھی ایسا کوئی بیان بھی نہیں دیکھا کہ والد کی جانب سے مجھے کوئی ایسی رقم فراہم کی گئی۔ تفتیشی افسر نے کہا کہ ایسی کوئی دستاویز نہیں ملی جس سے ثابت ہو کہ نواز شریف نے پاکستان یا بیرون ملک کسی اکاؤنٹ سے حسن و حسین نواز کے تعلیمی اخراجات پورے کیے، کسی گواہ نے بھی ایسا کوئی بیان نہیں دیا، دوران تفتیش کسی نے نہیں کہا کہ حسن اور حسین نواز 2000 اور اس کے بعد نواز شریف کے زیر کفالت رہے، کسی گواہ نے بھی نہیں کہا کہ کمپنی بناتے وقت حسن نواز بے نامی دار تھے۔


ای پیپر