عوام انتخابات میں ملکی ترقی کا راستہ روکنے والوں کا احتساب کریں گے : حمزہ شہباز
26 مئی 2018 (18:24) 2018-05-26

لاہور : پاکستان مسلم لیگ (ن)کے مرکزی رہنما حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ عوام انتخابات میں ملکی ترقی کی راہ میں رکاوٹ بننے والوں کا کڑا احتساب کریں گے ،اللہ کے فضل و کرم کے بعدعوام نے آئندہ موقع دیا تو ترقی کے سفر کی رفتار کومزید بڑھائیں گے اور مسلم لیگ (ن)کے دور میں ہی پاکستان ایشین ٹائیگر بنے گا،عمران خان نے پانچ سال میں خیبر پختوانخواہ میں کچھ نہیں کیا ، انہیں صوبے کی عوام سے معافی مانگنی چاہیے شاید انہیں ان پر رحم آ جائے ۔


پارٹی رہنما و چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی میاں عثمان اور دیگر سے 180ایچ ماڈل ٹائون میں ملاقات کے دوران اور مینٹل ہسپتال کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ پارٹی سے دیرینہ وابستگی رکھنے اور قربانیاں دینے والے لوگ پارٹی کا اثاثہ ہیں اور انہیں ہر سطح پر عزت دی جائے گی ۔مسلم لیگ (ن)بھرپور تیاری کے ساتھ انتخابی میدان میں اترے گی اور عوام کے ووٹوں کی طاقت سے سیاسی مخالفین کو عبرتناک شکست سے دوچار کرے گی ۔انہوںنے مزید کہا کہ مسلم لیگ(ن)کی حکومت نے رکاوٹوں کے باوجود ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا ہے اور عالمی ادارے بھی حکومتی کاوشوں کے معترف ہیں۔موجودہ حکومت نے جب اقتدار سنبھالا تو اس وقت ترقی کی شرح تین فیصد سے بھی کم تھی جبکہ آج یہ چھ فیصد کے قریب پہنچ چکی ہے ۔


انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کا واحد راستہ جمہوریت ہے ، دوسری حکومت اپنی میعاد پوری کر رہی ہے اور پر امن انتقال اقتدار ہو رہا ہے اور اسی سے ادارے مضبوط ہوں گے ۔ انہوںنے کہا کہ پنچھی کبھی اس درخت اور کبھی اْس درخت پر بیٹھتے ہیں لیکن اب عوام با شعور ہو چکے ہیں وہ ان کا احتساب کریں گے ۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان کبھی گیارہ نکات اور کبھی سو روز کا ایجنڈ ا دیتے ہیں لیکن خیبر پختوانخواہ کے ہسپتالوں میں سٹریچر تک نہیں ہیں ۔ انکے ارد گرد قبضہ گروپ اور قرضے معاف کرانے والے لوگ جمع ہیں ۔ میرا ان کو مشورہ ہے کہ وہ ہوش کے ناخن لیں اور خیبر پختواہ کی عوام سے معافی مانگیں شاہد صوبے کے لوگ انہیں معاف کر دیں اور انہیں رحم آ جائے ۔ جولائی 2018ء میں میدان لگنے والا ہے اور دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا۔


ای پیپر