محکمہ اینٹی کرپشن نے قبضہ مافیا سے کتنے مالیت کی اراضی واگزار کروا لی؟ اعداد و شمار سامنے آ گئے
سورس:   فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر
26 مارچ 2021 (19:33) 2021-03-26

لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر محکمہ اینٹی کرپشن کی قبضہ مافیا کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں جس نے مختلف مقامات پر 16 کروڑ روپے مالیت سے زائد کی سرکاری اراضی واگزار کروا لی ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق اینٹی کرپشن پنجاب نے رحیم یار خان سے کروڑوں روپے مالیت کی سینکڑوں کنال اراضی واگزار کروا لی، اینٹی کرپشن حکام کا کہنا ہے کہ 602 کنال سے زائد سرکاری رقبہ بااثر قبضہ مافیا سے واگزار کروائی گئی۔حکام کے مطابق رحیم یار خان موضع کوکاری سے محکمہ اوقاف کی 532 کنال 9 مرلہ زمین واگزار کروائی گئی جس کی مالیت 13 کروڑ 31 لاکھ روپے ہے۔

اینٹی کرپشن حکام کے مطابق محکمہ مال اور پولیس نفری کے ہمراہ دوسری کارروائی چک نمبر 228 میں کی گئی جس دوران 70 کنال سرکاری اراضی واگزار کروائی گئی اور اس کی مالیت 2 کروڑ 62 لاکھ سے زائد ہے۔ حکام کے مطابق اب تک مجموعی طور پر 15 کروڑ 83 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی سرکاری اراضی واگزار کروائی گئی اور تمام واگزار شدہ اراضی متعلقہ محکموں کے حوالے کردی گئی ہے۔


ای پیپر