PIA flight, Swat, Islamabad, CM Khyber Pakhtunkhwa, Ghulam Sarwar Khan, Murad Saeed
26 مارچ 2021 (12:16) 2021-03-26

اسلام آباد: پی آئی اے کی پہلی پرواز اسلام آباد سے سوات پہنچ گئی ، پہلی پرواز سے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان ، وزیر ہوا بازی غلام سرور اور وزیر مواصلات مراد سعید بھی سوات پہنچے ۔

افتتاحی تقریب سے خطاب میں وزیراعلیٰ محمود خان نے کہا کہ سوات کے عوام سے کیا وعدہ پورا کر دیا جبکہ غلام سرور خان نے فضائی سروس بحال ہونے کو علاقے میں سیاحت کے فروغ کیلئے اہم قرار دیا ۔ انہوں نے کہا کہ جان و مال کی قربانی دینے پر سوات کے شہداء کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں ۔

سوات پہنچنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مراد سعید نے کہا کہ سوات ایئر پورٹ سے دوسرے مرحلے میں بین الاقوامی پروازوں کا آغاز ہوگا ۔ وفاقی وزیر نے کہا سیاحت کے فروغ کیلئے جو کام موجودہ حکومت کر رہی ہے اس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی ۔

مراد سعید نے کہا کہ سوات ایئرپورٹ کی بحالی پر وزیر ہوا بازی اور سول ایوی ایشن کا شکریہ ادا کرتا ہوں ، انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے آپ جلد بین الاقوامی پروازوں کی بحالی کا اعلان کریں گے ۔

واضح رہے کہ پی آئی اے کی سیدو شریف سوات کے لئے پروازوں کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ، افتتاحی پرواز مقررہ وقت پر 10 بجے سیدو شریف کے لئے روانہ ہوئی ، پرواز میں محمود خان ، غلام سرور اور مراد سعید بھی سوار ہو کر آئے ۔ تمام شخصیات نے قطار میں لگ کر بورڈنگ کارڈ حاصل کیا ۔

اسلام آباد ائیرپورٹ پر پرواز سے قبل کیک کاٹا گیا اور مہمانوں کی تواضع بھی کی گئی ۔ وزیر ہوا بازی غلام سرور خان نے مہمانوں کو گلدستے اور تحائف پیش کئے ۔


ای پیپر