PML-N leader Daniel Aziz has contracted the corona virus
کیپشن:   فائل فوٹو
26 مارچ 2021 (10:55) 2021-03-26

شکر گڑھ: مسلم لیگ (ن) کے رہنما دانیال عزیز بھی کورونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں، کورونا ٹیسٹ پازیٹو آنے کے بعد انہوں نے خود کو گھر میں قرنطینہ کر لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق کچھ دنوں سے دانیال عزیز کی طبعیت ناساز تھی، شک دور کرنے کیلئے ان کا ٹیسٹ کرایا گیا تو اس کی رپورٹ میں اس بات کی تصدیق ہوئی کہ لیگی رہنما کورونا وائرس کا شکار ہو چکے ہیں۔

خیال رہے کہ ان دنوں وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ خاتون اول بشریٰ بی بی بھی کورونا وائرس میں مبتلا ہیں، دونوں شخصیات نے احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے خود کو گھر میں قرنطینہ کیا ہوا ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق پاکستان میں کورونا وائرس کے خطرات بڑھ چکے ہیں، گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں مزید 63 افراد اس موذی مرض سے انتقال کر چکے ہیں۔ جمعرات کے روز ملک بھر میں چار ہزار تین سو 68 نئے کیس بھی رپورٹ ہوئے۔

اموات میں حالیہ اضافے سے کورونا وائرس سے پاکستان میں اموات کی مجموعی تعداد چودہ ہزار اکانوے ہو گئی ہے۔ اس وقت ملک بھر میں فعال کیسوں کی تعداد چالیس ہزار ایک سو بیس تک پہنچ گئی ہے جن میں دو ہزار سات سو اٹھاون افراد کی حالت تشویشناک ہے۔ تشویشناک مریضوں میں سے ایک سو اکہتر گزشتہ روز ہسپتالوں میں داخل ہوئے۔

پاکستان میں سب سے زیادہ کیس صوبہ سندھ میں سے سامنے آئے ہیں، دوسرے نمبر پر صوبہ پنجاب، تیسرے نمبر پر خیبر پختونخوا کے کیسز ہیں۔ این سی او سی کے مطابق صوبہ بلوچستان میں بھی وبائی مرض میں مبتلا افراد کی تعداد میں روز بروز اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔

بلوچستان میں اب تک 23531 افراد کو کورونا ویکسین لگائی جا چکی ہے۔ محکمہ صحت حکام کے مطابق صوبے بھر سے 32 نئے کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں جبکہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 699 ٹیسٹ کیے گئے۔


ای پیپر