امریکہ نے روسی سفارتکاروں کو ملک چھوڑنے کا حکم دیدیا
26 مارچ 2018 (20:50)

واشنگٹن: امریکا نے 60 روسی سفارت کاروں کو ملک چھوڑنے کے ساتھ سیاٹل میں روسی قونصلیٹ بھی بند کرنے کا حکم دیا ہے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانیہ میں سابق روسی جاسوس پر زہریلی گیس حملے کے شبہ میں امریکا نے بھی اپنے اتحادی ملک برطانیہ کا ساتھ دیتے ہوئے روسی سفارتکاروں کو ملک بدر کرنے کے احکامات جاری کردیے جب کہ اس فیصلے میں ان کے دیگر اتحادیوں نے بھی امریکا کا بھرپور ساتھ دیا۔

غیر ملکی رپورٹس کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نہ صرف 60 روسی اہلکاروں کو ملک بدر کرنے کے احکامات جاری کیے بلکہ واشنگٹن کے شہر سیاٹل میں قائم روسی قونصلیٹ کو بھی بند کرنے کا حکم دیا۔ترجمان وائٹ ہائوس سارا سینڈر کے مطابق واشنٹگن میں قائم روسی سفارتخانے میں کام کرنے والے 48 اہلکاروں اور نیویارک میں اقوام متحدہ کے لیے کام کرنے والے 12 روسی سفارتکاروں کو فیملی سمیت امریکا چھوڑنے کے لیے ایک ہفتے کا وقت دیا گیا ہے۔ سارا سینڈر کا کہنا تھا کہ روس کی جانب سے ان کے نیٹو اتحادی ملک برطانیہ کی سرزمین پر کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کے رد عمل میں یہ اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔


ای پیپر