''ضروری کہ زندگی سے جو آپ چاہیں، وہی ملے''
26 مارچ 2018 (18:54)

اقراءلیاقت:گزشتہ دنوں یہ بات سامنے آئی ہے کہ بالی وڈ کے سپر ہیرو عرفان خان ”نیورونڈوکرائن ٹیومر“ کا شکار ہو گئے۔جی ہاں قارئین ”سلم ڈاگ ملینیئر “اور”دی ایمزنگ سپائڈرمین “جیسی سپر ہٹ ہالی وڈ فلموں اور بالی وڈ کی 100 سے زائد فلموں میںبہترین کام کرنے والے اداکار عرفان خان نیورونڈوکرائن ٹیومر جیسی بیماری میں مبتلا ہو گئے۔ابھی کچھ ہی دنوں پہلے بالی وڈ کی لیجنڈ اداکا رہ سری دیوی کی اچانک موت کی وجہ سے پہلے ہی سارا بالی وڈ سوگوار ہے او ر اب اچانک ہی سپر سٹار عرفان کی خطرناک بیماری میں مبتلا ہو گئے۔کچھ دنوں پہلے اس بات کا اعتراف انہوں نے خود سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر کے ذریعے کیا۔یہ خطرناک بیماری انسانی جسم میں ان خلیوں کو متاثر کرتی ہے جو خون کے بہائو میں ہارمونز خارج کرتے ہیں۔

اس سے قبل اداکارعرفان خان نے کبھی اپنی بیماری سے متعلق زیادہ تفصیلات فراہم نہیں کیں۔اس سے پہلے انھوں نے چھ مارچ کو ٹویٹ کیا تھا کہ انہیں ایک نایاب بیماری لاحق ہو گئی ہے ،تاہم اس وقت انھوں نے اس سے زیادہ کچھ نہیں بتایا تھا۔گزشتہ ہفتے اداکار عرفان خان نے ٹوئٹر پر اپنی بیماری کی اطلاع دیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ جان لیوا بیماری میں مبتلا ہوگئے ہیں لیکن انہوں نے اپنی بیماری سے متعلق تفصیلات بتانے سے گریز کیا تھا۔ بھارتی میڈیا میں یہ افواہیں بھی گردش کرنے لگیں کہ عرفان خان دماغ کے کینسر میں مبتلا ہوگئے اور وہ علاج کی غرض سے بیرون ملک چلے گئے ہیں ۔مگر اب اداکار نے خود ہی اپنی بیماری سے متعلق تفصیلات بتاتے ہوئے تمام افواہوں کو غلط ثابت کردیا۔ عرفان خان نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی مصنف اور صحافی مارگریٹ مچل کا مشہور قول لکھا” زندگی پر ایسی کوئی پابندی نہیں کہ جو آپ چاہیں، وہی آپ کو ملے“۔ اس کے بعد اُنہوں نے اپنی بیماری کے متعلق بتایا کہ وہ نیورو اینڈوکرائن ٹیومر نامی بیماری میں مبتلا ہوگئے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ یہ کافی مشکل بیماری ہے اور عام طور پر سننے میں نہیں آتی۔

لیکن میرے ارد گرد موجود محبتوں اور پرستاروں کی بڑی تعداد نے مجھے نئی امید دی ہے۔ انہوں نے اپنے چاہنے والوں سے درخواست کی کہ وہ انہیں اسی طرح اپنی محبتو ں اور نیک خواہشات سے بھرپور پیغامات انہیں بھیجتے رہیں۔“واضح رہے کہ نیورو اینڈو کرائن ٹیومر نامی بیماری کا براہ راست تعلق دماغ سے نہیں ہوتا بلکہ یہ آنتوں میں ہونے والی رسولیاں ہوتی ہیں جنہیں عموماً آنتوں کا کینسر کہاجاتا ہے ،کسی بھی خطرناک بیماری میں مبتلا ہوجانے کے بعد اپنی زندگی کے متعلق پریشان ہونا انسانی فطرت کا حصہ ہے لیکن عرفان خان نے اپنے مداحوں سے دعا کی درخواست کی ہے۔13 سال قبل عرفان خان کی ایک فلم 'روگ' آئی تھی لیکن گزشتہ منگل کو انھوں نے ایک ٹویٹ کی ہے کہ انھیں ایک ایسا روگ لگ گیا ہے جس کے لیے انھیںاپنے پیاروں اور مداحوں کی ان گنت دعائوں اور نیک تمناﺅں کی اشدضرورت ہے۔ اُنہوں نے اپنے مداحوں سے یہ اپیل بھی کی کہ وہ ان کی صحت کے بارے میں اندازے نہ لگائیں۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ان طبی طور پر ڈاکٹرز نے ان کی جانچ پڑتال کی ہے۔ رپورٹ آنے کے بعد وہ اپنے مداحوں اور چاہنے والوں کے ساتھ مزید معلومات بھی ضرور شیئر کریں گے۔

انھوں نے لکھا کہ 'بعض اوقات آپ جاگتے ہیں تو پتہ چلتا ہے کہ آپ کی دنیا تہہ و بالا ہو چکی ہے۔ گزشتہ دو ہفتوں سے مجھے میری زندگی کسی پراسرار کہانی کی طرح لگتی رہی۔ مجھے پتہ نہیں تھا کہ میں نادر کہانی کی تلاش میں نادر بیماری میں مبتلا ہو جائوں گا۔ 'مضبوط عزم و ارادہ کا اعادہ کرتے ہوئے ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ انھوں نے اپنی زندگی میں کبھی بھی ہار نہیں مانی اورہمیشہ اپنی پسند کے لیے لڑتے رہے ہیں۔ میرے اہل خانہ اور دوست میرے ساتھ ہیں۔ عرفان خان کی ٹوئٹ کے بعد بالی ووڈ اسٹارز اور ان کے مداحوں کی بڑی تعداد کی جانب سے اُن کی جلد صحت یابی کی دعائوں کے ساتھ ساتھ نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا گیا۔اس سے قبل ان کی اہلیہ ستاپا سکدر نے 10 مارچ کو فیس بک پر لکھا تھا ’میرے بہترین دوست اور ساتھی ’ایک جنگجو‘ اپنے راستے میں آنے والی اس رکاوٹ سے بہت وقار اور خوبصورتی سے لڑ رہے ہیں۔ نیورونڈوکرائن ٹیومرجیسی خطرناک بیماری کے متعلق طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ ٹیومر جسم کے کسی بھی حصے میں بن سکتا ہے۔بعض ٹیومر بڑے پیمانے پر ہارمونز کے خون کے بہائو میں اخراج کا باعث بنتے ہیں اور ان کی وجہ سے دل کا عارضہ ہو سکتا ہے اور خون کے دبائو میں فرق پڑتا ہے۔بعض نیورونڈوکرائن ٹیومرز کا علاج آپریشن یا کیموتھراپی سے ممکن ہے۔

ایک طرف دنیا بھر سے عرفان خان کے مداح سوشل میڈیا پر ان کی جلد صحت یابی کے پیغامات بھیج رہے ہیں تو دوسری جانب بالی وڈ کی تما م نامور شخصیات عرفان خان کی صحتیابی کے لئے پیغامات بھیج رہی ہیں ۔ابھی حال ہی میں ایک پریس کانفرنس میں دیپیکا پڈوکون ،سدھارتھ ملہوترا،کارتک آرئین،حنا خان نے بھی عرفان خان کی جلد صحتیابی کے لئے دعائیہ پیغامات بھیجے ۔بالی ووڈ کے معروف اداکار ابھیشیک بچن، جیمی شیرگل، دلقر سلمان، اداکارہ ریچا چڈھا، پوجا بھٹ اور پترلیکھا وغیرہ نے بھی ٹوئٹر پر عرفان خان کی جلد صحت یابی کی دعاکی ۔گلوکارہ ریکھا بھردواج نے لکھا ہے کہ وہ ڈھیر سارے پیار کے ساتھ صحتیابی کے لیے توانائی روانہ کر رہی ہیں تاکہ انھیں جلد صحتیابی حاصل ہو۔ عرفان خان دنیا بھر میں بھارت کے بین الاقوامی اداکار کے طور پر شہرت رکھتے ہیں۔ عرفان خان کو 2013ءمیں انھیں فلم پان سنگھ تومر میں مرکزی کردار ادا کرنے کے لیے نیشنل فلم ایوارڈ سے بھی نوازا گیا تھا۔یہ فلم کھلاڑی سے ڈاکو بن جانے والے ایتھلیٹ پان سنگھ تومر کی زندگی پر مبنی تھی۔اسی سال انھیں فلم 'لنچ باکس' کے لیے کارنز فلم فیسٹیول میں ویورز چوائس ایوارڈ بھی ملا ۔

اسی برس لندن فلم فیسٹیول میں بھارت کی جانب سے یہی وہ واحد فلم تھی جسے نامزدگی ملی تھی۔ عرفان خان نے بالی وڈ اور ہالی وڈ سمیت 100 سے زائد فلموں میں کام کیا اورانہیں سپر ہٹ بنانے میں بہت ہی اہم رول ادا کیا۔ جن میں پیکو، مقبول، حاصل اور پان سنگھ تومر،جذبہ،ہندی میڈیم،قریب قریب سنگل وغیرہ شامل ہیں ۔ عرفان خان بالی وڈ کے علاوہ ہالی وڈ میں بھی اپنی پہچان رکھتے ہیں۔ ہالی وڈ کی 'لائف آف پائی'، 'سلم ڈاگ ملینیئر' اور 'دی امیزنگ سپائڈر مین' جیسی معروف فلموں میں انھوں نے اپنی اداکاری کے خوب جوہر دکھائے ۔بالی وڈ کے ورسٹائل اداکارعرفان خان کے’نیورونڈوکرائن ٹیومر‘ نامی بیماری میں مبتلا ہونے کے بعد بولی وڈ ڈمپل گرل دپیکا پڈوکون کا گینگسٹر بننا بھی موخرہوگیا۔دپیکا پڈوکون جلد ہی اسکرین پر پہلی بار گینگسٹر خاتون کے روپ میں نظر آنے والی تھیں، جس کے لیے فلم میں عرفان خان ان کی مدد کرتے۔تاہم اب عرفان خان کے بیمار ہونے کے بعد فی الحال فلم کی شوٹنگ کو موخر کردیا گیا ہے، جس کی وجہ سے ابھی فی الحال ہتھیار چلاتی نظر نہیں آئیں گی۔ عرفان خان کی بیماری کے بعد ان کی فلم ’سپنا دی دی‘ کی شوٹنگ بھی موخر کردی گئی، اس فلم میں وہ دپیکا پڈوکون کے ساتھ گینگسٹر کے روپ میں نظر آنے والے تھے۔’سپنا دی دی‘ کے فلم ڈائریکٹر وشال بھردواج نے ٹوئٹ کے ذریعے فلم کی شوٹنگ موخر کرنے کا باقاعدہ اعلان کیا۔وشال بھردواج کا کہنا تھا کہ انہوں نے دپیکا پڈوکون اور فلم پروڈکشن ہائوس کری ارج انٹرٹینمنٹ نے فیصلہ کیا ہے کہ جب تک عرفان خان مکمل صحت یاب ہوکر واپس نہیں آتے تب تک فلم کی شوٹنگ موخر کر دی جائے۔

انہوں نے کہا کہ جیسے ہی عرفان خان خطرناک بیماری نیورونڈوکرائن ٹیومر سے جاری جنگ میں فتحیاب ہونے کے بعد لوٹیں گے، فلم کی شوٹنگ شروع کردی جائے گی۔خیال رہے کہ ’سپنا دی دی‘ کی کہانی معروف انوسٹی گیٹو بھارتی صحافی ایس حسین زیدی کی تحقیقاتی کتاب ’ممبئی کی کوئین مافیا‘ سے لیا گیا ہے۔ایس حسین زیدی کی یہ کتاب تحقیقاتی رپورٹس پرمبنی ہے، جومختلف بھارتی اخبارات میں بھی شائع ہوچکی ہیں۔فلم کی کہانی ’سپنا دی دی‘ (دپیکا پڈوکون) نامی گینگسٹر کے گرد گھومتی ہے، جو انڈر ورلڈ ڈان دائود ابراہیم کو قتل کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں اور ان کا خواب پورا کرنے کے لیے عرفان خان ان کی مدد کرتے ہیں۔سال 2017کی سب سے زیادہ بزنس کرنے والی فلموں میں عرفان خان کی فلم ہندی میڈیم بھی شامل ہے۔فلم ہندی میڈیم شائقین میں بے حد پسند کی گئی ،اس فلم کے سپر ہٹ ہونے کی سب سے بڑی وجہ عرفان خان کی جانب سے اپنے رول کو تقاضے کے عین مطابق نبھاتے ہوئے بے مثال اور لازوال اداکاری کے جوہر دکھانا بھی ہے ،یہی وجہ ہے کہ فلم باکس آفس پر سب سے زیادہ بزنس کرنے والی2017 کی سپر ہٹ فلموں شامل ہو گئی۔

اس فلم میں مرکزی کردار عرفان خان جبکہ ان کے ساتھ ہیروئن کا کردار معروف پاکستانی اداکارہ صبا قمر نے ادا کیا۔پاکستان کی باصلاحیت اور جاذب ِ نظر اداکارہ صباقمر اور اداکار عر فان خان کی فلم ’ہندی میڈیم‘ اس سال کی سب سے زیادہ پسند کی جانے والی فلموں میں شامل ہوئی۔اس فلم کے ہدایتکار سکت چوہدری ہیں اور یہ فلم گزشتہ سال 19مئی کو ریلیز کی گئی۔جس میں بہترین اداکاری کرنے پر عرفان خان کو بہترین اداکار کے ایوارڈ سے نوازا گیا ۔واضح رہے کہ 23 کروڑ کے بجٹ سے بننے والی فلم ’ہندی میڈیم‘ بہترین کہانی اور اور عمدہ ادکاری کی وجہ سے باکس آفس پر 100 کروڑ سے زائد کا بزنس کرنے میں کامیاب رہی ۔ہندی میڈیم کی بھرپور کامیابی کے بعد عرفان خان نے اپنے شائقین کو ایک مزید شاندار اور بہترین فلم دیکھنے کو دی ۔اس فلم کا نام ”قریب قریب سنگل“تھا۔جس میں عرفان خان نے لور بوائے کا کردار ادا کیا ہے۔قریب قریب سنگل فلم عرفان خان کی رومانٹیک ڈرامہ فلم ہے۔تنوجا چندرا کی ہدایتکاری میں بننے والی اس فلم کی کہانی دو ایسے افراد کے گرد گھومتی ہے، جنکا سفر اُن کے لئے ایڈونچر بن جاتاہے اور پھر دونوں ایک دوسرے کی محبت میں مبتلا ہوجاتے ہیں۔

اس فلم میں عرفان خان کے ساتھ ہیروئن کے طور پر بھارتی اداکارہ پرواتی نے مرکزی کردار ادا کیا۔رواں برس عرفان خان فلم 'بلیک میل' میں نظر آئیں گے۔ اس فلم کی ہدایت کاری ابھینو دیو نے کی اور یہ ایک طنزیہ کامیڈی فلم ہے۔مگر اس فلم کے ریلیز ہونے کا انحصار عرفان خان کی صحت پر ہے۔ عرفان خان کے صحت یاب ہونے کے بعد ہی فلم بلیک میل ریلیز کی جائے گی۔ تاہم ابھی اس فلم کی ریلیز کے بارے میں کچھ بھی نہیں کہا جا سکتا۔شائقین کی جانب سے ورسٹائل اداکار کی صحت کی دعائیں جاری ہیں۔


ای پیپر