پی ایس ایل کے بعد کراچی کی بند سڑکیں کھول دی گئیں
26 مارچ 2018 (18:06) 2018-03-26


کراچی : کراچی شہر میں پی ایس ایل کے فائنل میچ کی وجہ سے بند کی جانے والی سڑکیں اور گلیاں کھول دی گئی ہیں۔ پی ایس ایل تھری کے فائنل کے سلسلے میں کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم اور اس کے اطراف کی سڑکیں کنٹینر لگا کر مکمل طور پر جبکہ متصل علاقوں کی سڑکیں عارضی طور پر ٹریفک کے لیے بند کی گئی تھیں۔ سڑکیں بند ہونے سے ان علاقوں میں رہنے والوں کو آمد و رفت کے لیے شدید مشکلات کا سامنا تھا۔


ٹریفک پولیس کے مطابق شارع فیصل، کارساز روڈ سے کنٹینر ہٹاکر ٹریفک کے لیے سڑک کھول دی گئی ہے جبکہ لیاقت آباد 10 نمبر سے اسٹیڈیم تک سڑک کھول دی گئی۔دوسری جانب ملینیئم مال سے اسٹیڈیم تک آنے والے ڈالمیا روڈ سے بھی کنٹینر ہٹادیے گئے اور نیو ٹاون سے نیشنل اسٹیڈیم آنے والی سڑک بھی کھل گئی ہے۔


ٹریفک پولیس کے مطابق نیپا سے جیل چورنگی تک یونی ورسٹی روڈ، کشمیرروڈ اور نیو ایم اے جناح روڈ کو بھی کنٹینر ہٹا کر ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا ہے۔یہ سڑکیں کھلنے کے بعد ان علاقوں کے عوام نے سکون کا سانس لیا ہے اور اسٹیڈیم سے متصل علاقوں میں ٹریفک کی آمد و رفت بحال ہوگئی ہے۔


ای پیپر