روسی شاپنگ مال میں آگ لگنے سے 48 افراد ہلاک
26 مارچ 2018 (12:59)


سائیبریا:سائبیریا کے شہر کیمیروو کے ایک شاپنگ سینٹرمیں آگ لگنے کے نتیجے میں بچوں سمیت 48افراد ہلاک جبکہ 64 تاحال لاپتہ ہیں۔


تفصیلات کے مطابق روس میں سائیبیریا کے شہرکیمیروو کے ونٹر چیری کمپلیکس شاپنگ سینٹر میں آتشزدگی کے باعث 48افراد ہلاک اور 70سے زائد زخمی ہوگئے جبکہ 60سے زائد لوگ تاحال لاپتہ ہیں۔ حکام کے مطابق لاپتہ ہونے والوں میں 41بچے شامل ہیں۔ آگ لگنے کی اصل وجوہات کا علم تاحال نہیں ہوسکا ہے جبکہ روس کی تحقیقاتی کمیٹی کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق آگ لگنے کا سبب دوسنیما ہالزکی چھتوں کا بیٹھ جانا معلوم ہوتا ہے۔


روسی میڈیا کا کہنا ہے کہ آگ اس وقت لگی جب شاپنگ سینٹرمیں قائم سینیما ہالز میں بہت سے افراد فلم دیکھ رہے تھے، دیکھتے ہی دیکھتے آگ دوسری منزلوں کی جانب پھیلتی گئی جہاں شاپنگ سینٹرزمیں موجود لوگوں نے کھڑکیوں سے کود کراپنی جانیں بچانے کی کوششیں کیں، کم ازکم 64 افراد ابھی بھی لاپتہ ہیں جن میں دو سال سے 17سال تک کے 41بچے شامل ہیں۔ میڈیا کا کہنا ہے ہلاکتیں دم گھٹنے کے باعث ہوئیں۔متعدد زخمیوں کو ہسپتالوں میں داخل کروا دیا گیا ہے جبکہ ریسکیو اہلکاروں نے ایک سو بیس افراد کو عمارت سے نکال لیا ہے۔


آسٹریا کے چانسلر سیبسٹیئن کرز اور لاتویا کے وزیر خارجہ نے آتشزدگی میں ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ اور دوستوں کے ساتھ اظہار تعزیت کیا ہے۔واضح رہے کہ شاپنگ سینٹر کا 2013میں افتتاح ہوا تھا جس میں سنیما ہالزکے علاوہ، ریستوران، ایک سانا باتھ، ایک بالنگ ایلی اور بچوں کا ایک چڑیا گھربھی ہے۔


ای پیپر