وزیر اعظم پاکستان  پانچ فروری کو کوٹلی لائن آف کنٹرول کا دورہ کریں گے 
26 جنوری 2021 (22:44) 2021-01-26

اسلام آباد: وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی چیف آرگنائزر سیف اللہ نیازی  اورآزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم و پی ٹی آئی آزاد جموں و کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری سے اہم ملاقات کی جس میں انہوں نے فیصلہ کیا کہ وہ 5 فروری کو کوٹلی لائن آف کنٹرول کا دورہ کریں گے ۔

اس موقع پروزیر اعظم عمران خان نے آزاد کشمیر میں دوسری جماعتوں سے باصول اور با کردار لوگوں کی پارٹی میں شمولیت کی ہدایت کر دی۔جبکہ آزاد کشمیر کے لئے ہاؤسنگ پروگرام کے سنگ بنیاد کی تقریب عنقریب وزیر اعظم ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہو گی۔اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے چیف آرگنائزر سیف اللہ خان نیازی نے وزیر اعظم پاکستان عمران خان کو آزاد کشمیر میں پی ٹی آئی آزاد جموں وکشمیر کی انتخابی مہم اور دیگر حکمت عملی پربھی بریفنگ دی۔

اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان نے دونوں رہنماؤں سے کہا کہ وہ انتخابی مہم کے سلسلے میں ایک واضح حکمت عملی تیار کریں تاکہ مقبوضہ کشمیرمیں ایک اچھا پیغام دیاجاسکے۔ اس موقع پرآزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے وزیر اعظم عمران خان کا پورے آزاد کشمیر کے لوگوں کو قومی ہیلتھ کارڈ کا تحفہ دینے پر خصوصی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ ویلفیئر ریاست کی جانب ایک اہم قدم ہے۔


ای پیپر