Deputy Chairman Senate, Saleem Mandviwalla, responds, NAB, Chairman, statement
26 جنوری 2021 (15:44) 2021-01-26

اسلام آباد: ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا کا چیئرمین نیب کے بیان پر ردعمل ، کہا ، نیب کی کارروائیوں سے تنگ آ کر کاروبار بند کرنے والوں اور پاکستان سے باہر کاروبار منتقل کرنے والوں کی فہرست چیئرمین نیب کو بھجوائی جائے گی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ چیئرمین نیب کی باتوں میں صداقت ہوتی تو آج تک نیب نے کوئی ریکوری کی ہوتی۔ بہتر ہے چیئرمین نیب چیمبرز کے دورے کر رہے ہیں اور کاروباری طبقے کے مسائل سن رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہی وقت ہے چیئرمین نیب کاروباری افراد اور خواتین کیخلاف نیب کارروائیاں بند کرے۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ نیب کے ادارے میں صرف جھوٹے ریفرنس دائر کئے جاتے ہیں اور میڈیا ٹرائل کیا جاتا ہے۔ نیب کے بے جا نوٹسز اور جعلی ریفرنسز کی وجہ سے ملک میں سرمایہ کاری نہیں آ رہی۔ انہوں نے کہا کہ سینیٹ میں نیب کی تمام کارروائیوں پر کھل کر بات کی جائے گی۔

سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ براڈشیٹ کے سنگین معاملے پر ایوان بالا میں بحث کی جائے گی ، براڈشیٹ معاملے پر قوم سے اربوں روپے کے فراڈ کا مکمل احتساب لیا جائے گا۔

واضح رہے کہ چیمبر آف کامرس کے تاجروں سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین نیب نے کہا کہ تاجروں اور سرمایہ کاروں کی وجہ سے لاکھوں افراد کو روزگار ملتا ہے، تاجروں کی شکایات کا ازالہ کریں گے، معیشت مضبوط ہوگی تو ملک مضبوط ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین نیب کا عہدہ عوام کی خدمت کیلئے ہے ، نیب نے کسی کیس میں رکاوٹ ڈالی ہے تو فہرست مجھے دیں۔


ای پیپر