China, Shehbaz Sharif, transparency, honesty, hard work, Maryam Aurangzeb
26 جنوری 2021 (15:05) 2021-01-26

اسلام آباد: ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے چین کے قونصل جنرل کی جانب سے شہباز شریف کو لکھے گئے خط کو پاکستان کیلئے لمحہ افتخار قرار دیدیا۔ کہا شہباز شریف کی شفافیت ، دیانت اور محنت کی گواہی چین جیسا دوست بھی دے رہا ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ شہباز شریف جیل میں ہیں لیکن ان کی محنت اور دیانت کی گواہی دوست ممالک دے رہے ہیں ۔ چین کی جانب سے شہباز شریف کی سی پیک کیلئے محنت کی گواہی آرہی ہے ۔ یہ شہباز شریف کی نہیں پاکستان کی تعریف ہے ، ہر پاکستانی کیلئے چین کا یہ خط باعث فخر ہے۔

انہوں نے کہا ملک میں اس وقت ہر شعبہ تنزلی و تباہی کا شکار ہے ، ایسے میں یہ خط ہر پاکستانی کیلئے فخر کی بات ہے ، قوم موازنہ کرسکتی ہے آج پاکستان کے طیارے اور اثاثے ضبط ہو رہے ہیں ، عالمی سطح پر پاکستان کی جگ ہنسائی جاری ہے۔

ترجمان ن لیگ نے کہا کہ یہ خط اس وجہ کو بیان کرتا ہے کہ شہباز شریف جیل میں کیوں ہیں؟ شہباز شریف کو کیوں گرفتار رکھا جا رہا ہے؟ نااہل حکمرانوں کو ڈر ہے پنجاب اسپیڈ کے سامنے اس کی کوئی حیثیت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ دوسری طرف براڈ شیٹ میں کٹ ، کمیشن اور شیئر لیتے پکڑے جانے کے اعتراف سامنے آرہے ہیں ۔ یہ ہے وہ فرق جو نواز ، شہباز شریف اور آج کے جعلی حکمرانوں میں ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ جنہوں نے شہباز شریف پر جھوٹے مقدمات بنائے ان کے چہروں پر یہ خط ایک تھپڑ ہے۔


ای پیپر