فیس بک پر اشتہارات دکھانا ٗ صارفین کی معلومات بیچنا نہیں : مارک زکر برگ
26 جنوری 2019 (12:50) 2019-01-26

لندن :سماجی روابط کی معروف ویب سائٹ فیس بک کے شریک بانی اور سربراہ مارک زکربرگ نے سماجی روابط کے نیٹ ورک کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ دلچسپی کی بنیاد پر اشتہارات دکھانا صارفین کا ڈیٹا بیچنے سے مختلف ہے۔

مارک زکر برگ نے وال اسٹریٹ جرنل میں شائع کیے گئے ایک آرٹیکل میں کہا کہ ’ اگر ہم سب کی خدمت کرنے پر پابند ہیں تو ہمیں ایک ایسی سروس کی ضرورت ہے جو باآسانی سب کے حصول میں ہو‘۔انہوں نے کہا کہ ’اس کے لیے بہترین طریقہ یہ ہے کہ سروسز کی مفت پیشکش کی جائے اور ایسا کرنے میں اشتہارات مدد دیتے ہیں‘۔ مارک زکربرگ کے مطابق اشتہارات کو معقول اور مناسب بنانے میں لوگوں کی دلچسپیوں کو سمجھنا بھی شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے لیے فیس بک ’ سگنلز‘ کا استعمال کرتی ہے جیسا کہ فیس بک پیجز پر صارفین کے لائیکس اور وہ اپنے متعلق کیا شیئر کرتے ہیں، اسی چیز کو ایڈورٹائزنگ کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ مارک زکر برگ نے سماجی روابط کے نیٹ ورک کو اشتہارات کے ذریعے چلانے کی حمایت سے متعلق کہا کہ ’بعض مرتبہ لوگ ایسی چیزیں اخذ کرلیتے ہیں جو ہم نہیں کرتے‘۔

انہوں نے کہا کہ ’جیسا کہ ہم لوگوں کا ڈیٹا نہیں بیچتے لیکن اکثر کہا جاتا ہے کہ ہم ایسا کرتے ہیں‘۔ مارک زکر برگ نے کہا کہ صارفین کا ڈیٹا بیچنے سے نہ صرف فیس بک میں صارفین کا اعتماد کم ہوگا بلکہ یہ فیس بک کے کاروباری مفاد کے خلاف ہوگا کیونکہ حریف اسے اشتہارات کے لیے استعمال کریں گے۔انہوں نے کہا کہ فیس بک صارفین کو ایڈورٹائزر کو بلاک کرنے کا موقع بھی فراہم کرتی ہے۔


ای پیپر