فیصل سبزواری کے بیان پر پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم ارکان کے درمیان تلخی
سورس:   فائل فوٹو
26 فروری 2021 (22:37) 2021-02-26

کراچی: گورنر ہاؤس سندھ میں سینیٹ الیکشن پر پاکستان تحریک انصاف اور دیگر اتحادی جماعتوں کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی۔ پاکستان تحریک انصاف اور متحدہ قومی موومنٹ کے اراکان کے درمیان فیصل سبزواری کے بیان پر تلخی ہوئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ گورنر ہاؤس میں ہونے والے اجلاس میں فیصل واؤڈا اور سیف اللہ ابڑو بھی شریک تھے۔ پی ٹی آئی کے رکن ارسلان تاج کا کہنا تھا کہ سینیٹ الیکشن سر پر ہے اور اتحادی ہمارے خلاف بیان دے رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اتحادی جماعت نے این اے 247 کی پٹیشن سے متعلق بیان دیا اور فیصل سبزواری کے بیان سے پی ٹی آئی ارکان کی دل آزاری ہوئی۔

ذرائع کے مطابق فیصل سبزواری کا کہنا تھاکہ ہمارا تحریک انصاف سے 9 نکاتی مطالبات پر اتحاد ہے، ہمیں اپنے بہت سے معاملات خود سے دیکھنے ہوتے ہیں۔  پی ٹی آئی رہنما شمیم فردوس نقوی کا کہنا تھاکہ آپ کا وفاق سے معاہدہ ہوگا کہنےکو ہمارےپاس بھی بہت کچھ ہے، ہم نےکچھ کہا توبات دورتک چلی جائے گی لہٰذا سب کیلئے بہتر ہوگا کہ 3 مارچ کے انتخابات پرتوجہ دیں۔

گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا تھاکہ ارکان صوبائی اسمبلی اچھے انداز میں اپنے امیدواروں کو کامیابی دلائیں۔

واضح رہے کہ سینیٹ انتخابات 3 مارچ کو ہوں گے جس میں سندھ سے پیپلزپارٹی، تحریک انصاف اور متحدہ قومی موومنٹ کے امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوگا۔


ای پیپر