Supreme Court, demolition, lawyers, chambers, Tuesday, notice, Chief Justice
26 فروری 2021 (11:05) 2021-02-26

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے منگل تک وکلا چیمبرز گرانے سے روک دیا ، سپریم کورٹ نے اٹارنی جنرل اور ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد کو نوٹس جاری کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق وکلا کے غیر قانونی چیمبرز گرانے کے حکم کے خلاف اپیل کی سماعت ہوئی ، چیف جسٹس کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے سماعت کی۔

چیف جسٹس گلزار احمد نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ عدالت پر دباؤ نہ ڈالیں ، عدالت کسی کے دباؤ میں نہیں آئے گی ، سب لوگ کیوں آگے آگئے ہیں ، روسٹرم سے پیچھے ہٹ جائیں ، کیا آپ کو آواز نہیں آ رہی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم وکیلوں کو اچھی طرح جانتے ہیں۔

چیف جسٹس نے کہا کہ ہم بھی وکیل رہ چکے ہیں یہ کام کبھی نہیں کیا ، وکیلوں کے کلپ نظر آتے رہتے ہیں ، وکلا عدالتوں کے بارے میں کیا کیا بات کرتے ہیں ، کوئی عقل اور شعور ہونا چاہیے۔ آپ جس ادارے کا حصہ ہیں کچھ اُس کا ہی خیال کریں۔ انہوں نے ریمارکس دیئے کہ یہ سب ہماری سمجھ سے بالاتر ہے۔ جہاں کچھ وکیل اکٹھے ہوتے ہیں کچھ الٹا بولتے اور کرتے ہیں۔

جسٹس اعجاز الاحسن نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ فٹبال گراؤنڈ پر 3 منزلہ چیمبرز تعمیر کیے گئے ، چیمبرز وکلا کی ذاتی ملکیت تصور ہوتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بار ایسوسی ایشنز چیمبرز کو لیز پر دیتی ہیں۔ بار ایسوسی ایشن کو چیمبرز لیز پر دینے کا اختیار کہاں سے آ گیا؟

چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ پبلک کی زمین پر چیمبرز بنانے کا اختیار کہاں سے آ گیا؟ ملک میں کہیں بھی گراؤنڈ میں چیمبرز نہیں بنے ۔ جس کے جواب میں اسلام آباد بار کونسل کے وکیل نے کہا کہ ملک میں کہیں اور دکانوں میں عدالتیں بھی نہیں لگتیں۔


ای پیپر