پاکستان محفوظ ترین ملک ہے : کرس لین
26 فروری 2020 (18:52) 2020-02-26

اسلام آباد:پی ایس ایل فائیو کے لیے لاہور قلندرز کی ٹیم میں شامل آسٹریلوی بلے باز کرس لین نے کہا ہے کہ پاکستان میں ایک ہفتے کے قیام کے دوران بہت لطف اندوز ہوا ہوں اور کسی بھی موقع پر خود کو غیر محفوظ تصور نہیں کیا۔

                                                                                                                                  

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کرس لین نے کہا کہ انہیں پاکستان آئے ہوئے ایک ہفتہ ہو گیا ہے، اس ایک ہفتے میں بہت لطف اندوز ہوا ہوں، دو مرتبہ گولف بھی کھیلنے گیا اور دو میچوں میں ہی شکست ہوئی لیکن لیگ میں ایسا ہو جاتا ہے، ہمیں اس وقت ایک جیت کی تلاش ہے تاکہ ہم فتح کے راستے پر آسکیں۔ٹورنامنٹ کا یہ سب حصہ ہے، اس وقت ہم ہارے ضرور ہیں لیکن انفرادی کارکردگی شاندار رہی ہیں، شاہین شاہ آفریدی اور محمد حفیظ نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا، ہمیں گروپ کی شکل میں جیت کے لیے کھیلنا ہو گا، ٹیم اچھا کھیل سکتی ہے۔

آسٹریلوی بلے باز کہتے ہیں کہ وہ پاکستان پہلی مرتبہ آئے ہیں، اس لیے انہیں اندازہ نہیں تھا کہ انہیں کیا توقعات رکھنی چاہئیں لیکن یہاں اپنے بہت فینز دیکھے، ان کے ساتھ ملنا اور ان کا جوش دیکھ کر اچھا لگا، امید ہے کہ ان کی موجودگی میں مزید رنز کروں گا اور چھکے بھی ماروں گا، اس کی مجھے ضرورت بھی ہے۔


ای پیپر