فوٹو بشکریہ سوشل میڈیا

علی رضا عابدی کے قتل کو ذاتی یا سیاسی معاملہ کہنا قبل از وقت ہو گا: ایس ایس پی ساؤتھ
26 دسمبر 2018 (11:00) 2018-12-26

کراچی: ایس ایس پی ساؤتھ پیر محمد شاہ نے کہا ہے کہ علی رضا عابدی کے قتل کو ذاتی یا سیاسی معاملہ کہنا قبل از وقت ہو گا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیر محمد شاہ نے کہا علی رضا عابدی کے قتل کی تحقیقات جاری ہیں۔ اسلیے ان کے قتل کو ذاتی یا سیاسی معاملہ کہنا قبل از وقت ہو گا۔ ابتدائی رپورٹ کے مطابق انہیں سات گولیاں ماری گئیں، دو گردن، ایک بازو اور چار گولیاں سینے میں لگیں۔ حملہ کرنے والے 2 ملزمان تھے۔

ایم کیو ایم کے سابق رہنما کو موٹر سائیکل سوار دہشتگردوں نے گھر کے باہر گولیاں ماریں۔ گارڈ نے دروازہ کھولا اور اسی وقت فائرنگ ہوئی، فائرنگ ہوتے ہی گارڈ اندر بھاگ گیا تھا۔

پوسٹ مارٹم کے بعد میت امام بارگاہ یثرب منتقل کردی گئی۔ مقتول علی رضا عابدی کی نماز جنازہ آج نماز ظہر کے بعد ادا کی جائے گی۔

انچارج سی ٹی ڈی راجا عمر خطاب کا کہنا ہے کہ حملہ کرنے والے انتہائی ماہر نشانہ باز تھے۔ دہشتگردوں نے ڈرائیونگ سائیڈ سے 10 سیکنڈ میں حملہ مکمل کیا۔

وزیر اعظم عمران خان نے علی رضا عابدی پر قاتلانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔ انہوں نے سابق رکن قومی اسمبلی کے قتل پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ ڈاکٹر سید کلیم امام سے رپورٹ طلب کی ہے۔

واضح رہے کہ شہر قائد میں ٹارگٹ کلنگ کا اس ہفتے یہ دوسرا واقعہ ہے۔ تین روز قبل بھی شہرِ قائد کے علاقے ناظم آباد میں پاک سرزمین پارٹی کے ٹاؤن آفس پر نا معلوم افراد نے فائرنگ کر کے 2 کارکنوں کو قتل اور 2 کو زخمی کر دیا تھا۔


ای پیپر