فوٹوبشکریہ فیس بک

20 دسمبر تک ریلوے کو اپنے قدموں پر کھڑا کریں گے: شیخ رشید
26 اگست 2018 (15:34) 2018-08-26

لاہور: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ 20 دسمبر تک ریلوے کو اپنے قدموں پر کھڑا کریں گے جبکہ ریل کے کرائے بڑھانے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیر ریلوے شیخ رشید نے لاہور ریلوے سٹیشن کا دورہ کرتے ہوئے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فریٹ ہمارا ٹارگٹ ہے، ملک کے اہم ریلوے سٹیشنز پر ایلیویٹر لگائیں گے ، آن لائن ٹکٹنگ کیلئے سہولتیں فراہم کریں گے ، ریلوے کا خسارہ اسی سال کم کریں گے اور ملک بھر میں ریلوے کی زمین سے تجاوزات توڑ دیں گے ۔

وزیر ریلوے نے مزید کہا کہ ہمیں ایک قوم کا مقروض نہیں ہونا چاہیے، سی پیک منصوبے کیلئے سٹینڈرڈ گیج کی طرف جانا چاہیے، دنیا بھر میں ٹریک لگانے کی اپنی فیکٹریاں اور لوکوموٹیو ہیں جبکہ پاکستان ریلوے ہیڈ آفس میں ہفتے کو چھٹی نہیں ہے۔

شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ میرا پہلے دن سے نعرہ ہے مجھ پر آرام حرام ہے، ہفتہ میں ایک دن لاہور میں رہوں گا، ریلوے آفیسر ایک گھنٹہ مزید کام کریں گے ، اپنی ریل کو دوسرے ملکوں کی طرح بنائیں گے جبکہ آن لائن ٹکٹنگ کا نظام 10 سال قبل ہم نے متعارف کرایا تھا۔

وزیر ریلوے نے کہا کہ عمران خان کے وژن کے مطابق غریبوں کو حقوق دیں گے ، ریلوے ملازمین کیلئے رہائشی پلازے تعمیر کریں گے ، آج میرا دوسرا دن ہے، کراچی، سکھر، پشاور اور کوئٹہ جاؤں گا اور مسائل دور کروں گا کیونکہ ریلوے بہت وسیع ہے، اس میں مسائل بھی بہت زیادہ ہیں جبکہ صدر کے انتخاب میں عمران خان کے امیدوار جیتیں گے ۔


ای پیپر