فوٹو/ اسکرین گریب نیو نیوز

بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے سے پاکستان کے توانائی بحران میں کمی ہوئی: عمران خان
26 اپریل 2019 (10:56) 2019-04-26

بیجنگ: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان بہت سے شعبوں میں تعاون جاری ہے۔ پاک چین فری تجارت معاہدہ عمل میں آ رہا ہے اور ہر چیلنج میں پاک چین دوستی ناقابل تسخیر ہے۔

چین کے دارالحکومت بیجنگ میں بیلٹ اینڈ روڈ فورم کا آغاز ہو گیا۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ دوسرے بیلٹ اینڈ روڈ فورم میں شرکت پر خوشی ہے اور گوادر کمرشل حب میں تبدیل ہو رہا ہے۔ پاکستان اور چین سی پیک کے اگلے فیز کی طرف بڑھ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے سے پاکستان کے توانائی بحران میں کمی ہوئی۔ پاکستان چین کی اس بڑی کاوش کا ابتدائی شراکت دار ہے اور پاکستان کی غیر مشروط حمایت پر چین کے شکر گزار ہیں۔

خطاب کے دوران عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین کے درمیان آزاد تجارت کا معاہدہ اہمیت کا حامل ہو گا ہم بنیادی ڈھانچے، ریلوے ، آئی ٹی اور توانائی میں چین کے ساتھ تعاون چاہتے ہیں اس کے ساتھ زراعت، صحت اور تعلیم میں تعاون کا فروغ چاہتے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے بتایا کہ غربت کے خاتمے کیلئے پاکستان میں احساس کے نام سے ایک پروگرام شروع کیا ہے اور ماحول کی بہتری کے لیے دس ارب درخت لگانے کے منصوبے کا بھی آغاز ہو چکا ہے۔

عمران خان نے اس موقع پر شرکاء کو یقین دہانی کرائی کہ پاکستان وائٹ کالر کرائم کے خاتمے کیلئے بھر پور اقدامات کر رہا ہے کیونکہ وائٹ کالر کرائم ہی ترقیاتی کاموں کو برباد کرتا ہے۔

اس دوران وزیر اعظم نے شرکاء کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ اقتصادی ترقی کیلئے نجی شعبے کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں اور پاکستان غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پُرکشش مواقع فراہم کر رہا ہے۔


ای پیپر