ورلڈ بینک پاک بھارت آبی تنازعہ کے حل میں کردار ادا کرے : پاکستان
26 اپریل 2018 (20:53) 2018-04-26

واشنگٹن : پاکستان نے ورلڈ بینک سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ پانی پر پاک بھارت تنازع کے حل کے لیے اگلے ماہ مذاکراتی عمل کے آغاز میں اپنا کردار ادا کرے ۔


ورلڈ بینک کے ترجمان نے بتایا کہ اسلام آباد اور نئی دہلی کے مابین پانی کے تنازع کو سازگار ماحول میں حل کرنے کے لیے اقدامات شروع کر دیئے گئے ہیں۔رواں ہفتے عالمی بینک کی جانب سے این سولومون کی سربراہی میں وفد جائزہ لینے کے لیے بھارت روانہ ہو چکا ہے تاہم گزشتہ ہفتے وزیراعظم کے مشیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے ورلڈ بینک کے مینجنگ ڈائریکٹرسے واشنگٹن میں ملاقات کرکے تنازع کے حل پر زور دیا۔ملاقات کے بعد، پاکستان نے ورلڈ بینک سے واشنگٹن میں باقاعدہ اجلاس طلب کرنے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ بھارت کے متنازع ڈیم سے متعلق اسلام آباد اپنا موقف پیش کر سکے۔


واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستان نے بھارت کی جانب سے متنازع کشن گنگا ڈیم کی تعمیر مکمل ہونے کی تصدیق کے بعد ورلڈ بینک سے اپنی ذمہ داری ادا کرتے ہوئے دو بڑے بھارتی منصوبوں پر اسلام آباد کے تحفظات سندھ طاس معاہدہ 1960 کی روشنی میں دور کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ پاکستان نے دریائے نیلم پر کشن گنگا ڈیم اور دریائے چناب پر850 میگا واٹ ریٹلے پن بجلی منصوبے کے خلاف عالمی ثالثی عدالت میں قرارداد پیش کرنے کابھی فیصلہ کیا تھا۔ بھارت کشن گنگا ڈیم سے 330 میگا واٹ بجلی پیدا کرسکے گا اور اس منصوبے کی تکیمل اس دوران ہوئی جب ورلڈ بنک نے 2016 میں پاکستان کے حق میں حکم امتناع پرمبنی فیصلہ سناتے ہوئے بھارت کو ڈیم کے ڈیزائن میں تبدیلی کا حکم دیا تھا۔


ای پیپر