پاکستان ٹائیفائیڈبچائو مہم میں دنیا میں پہلے نمبر پر
26 اپریل 2018 (20:31) 2018-04-26

لند ن: پاکستان دنیا کا پہلا ملک بن گیا ہے جس نے بچوں میں ٹائیفائیڈ سے بچاو کی ویکسین مہم کا اعلان کیا ہے تاکہ اس وبا پر قابو پایا جاسکے جس پر اب دوا کا اثر ختم ہوتا جارہا ہے۔


تفصیلات کے مطابق یہ نئی ویکسین بچوں کی معمول کی ویکسینیشن شیڈول میں شامل کی جائے گی اور اس کی وجہ ٹائیفائیڈ کے ایسے جراثیموں کا پھیلنا ہے جو کہ 5 مختلف اقسام کی اینٹی بایوٹیکس ادویات کے خلاف مزاحمت کرتے ہیں۔ٹائیفائیڈ کی یہ قسم نومبر 2016 میں سب سے پہلے حیدرآباد میں دریافت ہوئی تھی اور پھر ملک بھر میں پھیل گئی جس کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک اور 800 بیمار ہوئے۔چونکہ ٹائیفائیڈ خوراک اور پانی کے ذریعے تیزی سے پھیلتا ہے خصوصاً ایسے مقامات جہاں نکاسی آب کا نظام ناقص ہو، تو طبی ماہرین کو خدشہ تھا کہ اس بیماری کے وہ جراثیم جن پر دوائیں بے اثر ثابت ہورہی ہیں، بڑے پیمانے پر پاکستان میں لوگوں کو متاثر کرسکتے ہیں بلکہ دیگر ممالک تک بھی پھیل سکتے ہیں۔


اینٹی بایوٹیکس ادویات کے خلاف جراثیموں کی مزاحمت پسماندہ اور ترقی پذیر ممالک جیسے پاکستان اور بھارت میں بڑھتا ہوا مسئلہ ہے۔اب حکومت پاکستان نے اس ٹائپ بار۔ ٹی سی وی ویکسین کو استعمال کرنے کے لیے فنڈز کے حصول کا فیصلہ کیا ہے جس کی منظوری عالمی ادارہ صحت نے رواں سال کے شروع میں دی تھی، جو کہ ویکسین الائنس جی اے وی آئی کی جانب سے سامنے آئی۔رواں ماہ کے شروع میں جی اے وی آئی نے اعلان کیا تھا کہ وہ اب تک ترقی پذیر ممالک کے لیے 8 کروڑ 50 لاکھ ڈالرز کا فنڈ اکھٹا کرچکی ہے جس کا مقصد وہاں ویکسین کو متعارف کرانا ہے۔طبی ماہرین کے مطابق یہ ٹائیفائیڈ ویکسین سابقہ ورژنز سے زیادہ موثر ہے اور 6 ماہ تک کی عمر کے بچوں کو دی جاسکتی ہے۔




ای پیپر